دھماکہ دہشت گردی نہیں تھانے کے اندر بارودی مواد پھٹا: آئی جی خیبرپختونخواہ

پشاور (مشرق نیوز) آئی جی خیبر پختونخوا اختر حیات گنڈاپور کا کہنا ہے کہ سی ٹی ڈی تھانے میں دھماکہ دہشت گردی نہیں بلکہ تھانے کے اندر موجود بارودی مواد پھٹا۔ انہوں نے کہا کہ دھماکے میں غفلت اور دیگر پہلووں پر تفتیش جاری ہے۔ اختر حیات گنڈاپور نے کہا کہ دھماکے میں دہشت گردی کے الزامات میں قید 5 زیر حراست قیدی بھی مارے گئے جبکہ 9پولیس اہلکار اور 3عام شہری جاں بحق ہوئے۔ دوسری جانب، سی ٹی ڈی تھانے میں موجود بارودی مواد کو ناکارہ بنا دیا گیا، بارودی مواد کو ناکارہ بنانے سے دھماکوں کی آوازیں دور تک سنی گئیں۔ پولیس کا کہنا ہے کہ لوگ خوفزدہ نہ ہوں کیونکہ بارودی مواد کو ناکارہ بنایا جا رہا ہے۔ کبل سی ٹی ڈی تھانے میں دھماکے کےخلاف لوگ سڑکوں پر نکل آئے اور پولیس سٹیشن کے باہر مظاہرہ کیا جا رہا ہے۔ مظاہرین کا کہنا ہے کہ دھماکے کی تحقیقات کی جائے بدامنی برداشت نہیں کریں گے، دہشت گردی کے واقعہ کو غلط رنگ دیا جا رہا ہے۔ مظاہرین نے کبل چوک بلاک کر دیا۔