نگران وزیراعلیٰ کادورہ میو ہسپتال،مریضوں کی عیادت

لاہور (ہیلتھ رپورٹر)نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے اچانک میو ہسپتال کادو رہ کیا، مریضوں کی عیادت کی،نگران وزیراعلیٰ پنجاب میو ہسپتال کے ایمرجنسی وارڈ گئے اور فردا فردا مریضوں کے پاس جا کر خیریت دریافت کی، محسن نقوی نے مریضوں اور تیمارداروں سے فراہم کردہ طبی سہولتوں کا پوچھا۔

محسن نقوی نے ساہیوال میں دھکم پیل کے دوران زخمی ہونے والی بزرگ خاتون کی بھی خیریت دریافت کی،نگران وزیراعلی پنجاب نے عید کی چھٹیوں کے دوران ڈیوٹی دینے والے ڈاکٹرز، نرسز اور پیرامیڈیکل سٹاف کے جذبے کو سراہا اور پیشہ وارانہ خدمات پر خراج تحسین پیش کیا۔

نگران وزیراعلیٰ نے کہاعید تعطیلات کے دوران دکھی انسانیت کے دکھوں کا مداوا کرنے والوں کو سلام پیش کرتے ہیں، مریضوں کو ہسپتال میں علاج معالجے کی بہترین سہولتیں مہیا کرنے کےلئے کوشاں ہیں،اس موقع پر صوبائی وزیر سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن ڈاکٹر جاوید اکرم بھی ہمراہ تھے۔