پنجاب اسمبلی انتخابات، تحریک انصاف کل سے باضابطہ انتخابی مہم کا آغاز کرےگی
لاہور(مشرق نیوز) الیکشن مہم کے آغاز کے شیڈول میں تبدیلی، پاکستان تحریک انصاف کل سے باقاعدہ انتخابی مہم کا آغاز کرےگی۔ پی ٹی آئی کی جانب سے گزشتہ روز آج سے انتخابی مہم کے شیڈول کا اعلان کیا گیا تھا، سیکرٹری جنرل اسد عمر نے اس حوالے سے ایک ٹویٹ بھی کیا تھا۔ اسد عمر کی جانب سے کہا گیا تھا کہ آج سے انشاءاللہ پنجاب کے تمام حلقوں میں تحریک انصاف الیکشن مہم کا باقاعدہ آغاز کردےگی، یہ تیار ہوں نہ ہوں، ہم تیار ہیں۔ تاہم اب پی ٹی آئی کی جانب سے انتخابی مہم کے آغاز کا شیڈول تبدیل کردیا گیا ہے، تحریک انصاف پنجاب میں الیکشن مہم کا آغاز 25 اپریل (منگل) کو پارٹی کے یوم تاسیس سے کرےگی، عمران خان یوم تاسیس پر پارٹی کارکنوں سے خطاب بھی کریں گے۔ صوبائی اسمبلی کے تمام ٹکٹ ہولڈرز اپنے اپنے انتخابی حلقوں میں ریلیوں کا انعقاد کریں گے، صوبائی ٹکٹ ہولڈرز اپنے حلقوں میں سکرینوں پر عمران خان کا خطاب دکھائیں گے۔

















