قیدیوں کے ساتھ انصاف اور بہتری کے لیے کتنے سوموٹو لیے گئے؟ وزیراعظم

لاہور( ) وزیراعظم شہبازشریف نے عید کے موقع پر سینٹرل جیل لاہور کا دورہ کیا۔ قیدیوں سے ملاقات کی اور تحائف تقسیم کیے۔


وزیراعظم شہباز شریف نے جیل میں واش روم بہتر کرنے کی ہدایت کی اور کہا مجھے بتائیں جیل میں کن چیزوں کی ضرورت ہے۔ میں جب جیل میں تھا پرندوں کے لیے پانی رکھتا تھا، دوسری بار اس جیل میں 6 ماہ رہا، دعا ہے قیدی بہترپاکستانی بن کر جائیں۔

شہباز شریف نے کہا بعض کیسز میں تاخیر ہوتی ہے، مجھے علم ہے جیل کے اندر عید کے کیا معنی ہیں، میں بھی قید میں رہا ہوں اپنوں سے دوری کیا ہوتی ہے احساس ہے، میرے دورے کا مقصد قیدیوں کے مسائل سے آگاہی حاصل کرنا ہے۔

خاتون نے وزیرعظم کو پولیس سےمتعلق شکایت کی اور کہا میرے بیٹے کو مارا گیا، شوہر کو بھی جیل میں ڈال دیا گیا۔

وزیراعظم نے انتظامیہ کو خاتون کی شکایت پر انکوائری کی ہدایت کی۔

شہباز شریف نے جیل دورے کے موقع پر خواتین قیدیوں کے مسائل سنے اور مسائل کے حل کے لیے اقدامات کی ہدایت کی۔

وزیراعظم نے جیل ہسپتال اور دیگر شعبوں کا دورہ کیا، ڈاکٹر سے قیدی مریضوں کے مسائل سے متعلق دریافت کیا۔

بعد ازاں میڈیا سے گفتگو میں شہباز شریف نے کہا قیدیوں کے مسائل معلوم کیے، چیف سیکرٹری پنجاب اور جیل حکام سے میٹنگ کی، جیلوں میں بیت الخلا کی صورتحال انتہائی خراب ہے، قیدیوں کے نہانے اور کپڑے دھونے کا نظام بھی خراب ہے۔

وزیراعظم نے مزید کہا قیدیوں کے ساتھ انصاف اور بہتری کے لیے کتنے سوموٹو لیے گئے؟ جیلوں میں ہزاروں قیدی ایسے ہیں جن کی فوری رہائی ہوسکتی ہے، سوموٹو ان ہی کاموں کے لیے ہے جہاں مفاد عامہ ہو۔

وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے اگر ہم اکٹھے ہوں گے تو ملک مشکلات سے نکل جائے گا، ملک کے بہتر مفاد میں اکٹھا ہونا ہوگا ۔