سعودی عرب کےساتھ امن عرب اسرائیل تنازع کے خاتمے کی کلید ہے:نیتن یاہو

مقبوضہ بیت المقدس (مشرق نیوز) اسرائیل کے وزیراعظم بنیامین نیتن یاہو نے کہا ہے کہ سعودی عرب کے ساتھ تعلقات کو معمول پرلانا عرب اسرائیل تنازع کے خاتمے کی کلید ہے اور یہ اس تنازع کے خاتمے کی جانب ایک ”بڑی چھلانگ“ کے طور پر کام کرے گا۔انھوں نے یہ بات مقبوضہ بیت المقدس (یروشلم) میں امریکاکے ری پبلکن سینیٹر لنڈسے گراہم کے ساتھ ملاقات میں کہی ہے۔انھوں نے کہاکہ ہم سعودی عرب کے ساتھ معمول کے تعلقات اورامن چاہتے ہیں۔ہم اسے عرب اسرائیل تنازع کے خاتمے کی جانب ایک بڑی چھلانگ کے طور پر دیکھتے ہیں۔انھوں نے اس خوش امیدی کا اظہارکیا ہے کہ ایسے کسی معاہدے کے اسرائیل، سعودی عرب، خطے اور دنیا دونوں کے لیے تاریخی نتائج برآمد ہوسکتے ہیں۔اسرائیل نے متحدہ عرب امارات، بحرین،سوڈان اور مراکش کے ساتھ معمول کے تعلقات استوار کرنےکے لیےامریکا کی سرپرستی میں ابراہام معاہدے پر دست خط کیے تھے۔اب اسرائیل اس اقدام کو مزید ممالک تک توسیع دینے کی کوشش کررہا ہے۔اسرائیل کے اعلیٰ حکام بارہااس بات پر زور دے چکے ہیں کہ سعودی عرب کے ساتھ تعلقات کا قیام حتمی کامیابی ہوگی اور خطے میں امن کے قیام کیلئے اہم ثابت ہوگی۔دوسری جانب سعودی عرب کئی مرتبہ اپنے اس مو¿قف کا اعادہ کرچکا ہے کہ اسرائیل کے ساتھ تعلقات کو معمول پرلانے کیلئے کسی بھی قسم کا امن معاہدہ یا سمجھوتا ایک آزاد فلسطینی ریاست کے قیام کیلئے پیشگی شرط ہوگا۔