رمضان المبارک کی 27 ویں رات، شب قدر آج منائی جائےگی
لاہور (مشرق نیوز) ہزار مہینوں سے بہتر رات، شب قدر آج پیر اور منگل کی درمیانی رات (27 رمضان المبارک) منائی جائےگی۔ شب قدر کے موقع پر آج ختم قرآن کی محافل کے انتظامات مکمل، مساجد کو برقی قمقوں سے سجا دیا گیا، خواتین گھروں میں مرد حضرات مساجد میں رات عبادت میں گزاریں گے، نماز تراویح میں قرآن سنانے والے حفاظ اور سامعین کو انعام و اکرام سے نوازا جائے گا، مٹھائیاں بانٹی جائیں گی، مساجد میں عبادت گزاروں کیلئے سحری کے بھی انتظامات کئے گئے ہیں۔ یاد رہے لیلة القدر رمضان المبارک کے آخری عشرے کی طاق راتوں میں سے ایک نہایت ہی بابرکت رات ہے جسے شب قدر اور برکت والی رات کے نام سے یاد کیا جاتا ہے۔ لیلة القدر میں عبادت کا ثواب ہزار مہنیوں سے بہتر ہے۔ لاکھوں مسلمان اس رات اللہ تعالیٰ کے حضور سجدہ ریز ہو کر نوافل کی ادائیگی اور قرآن پاک کی تلاوت و دیگر عبادات میں مصروف رہتے ہیں اور رب العزت سے اپنے گناہوں کی معافی کے ساتھ ساتھ ملکی سلامتی و استحکام کی دعائیں مانگتے ہیں ، 75 سال قبل پاکستان کا قیام بھی 27 رمضان المباک کو عمل میں آیا تھا۔

















