الگ صوبہ ہزارہ کے عوام کا دیرینہ آئینی و قانونی مطالبہ

نیویارک (خواجہ فاروق) ہزارے وال اوورسیز پاکستانیز فورم کی مرکزی مجلس عاملہ نے کہا ہے کہ 12اپریل 2010ءہزارہ کی تاریخ کا سیاہ ترین دن ہے جس روز ہزارہ کے 7 جوان شہید کردئیے گئے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ ہزارہ کے لوگوں کا قصور یہ ہے کہ وہ آئین پاکستان کے اندر رہتے ہوئے اپنا حق مانگ رہے ہیں۔ ہزارہ ڈویژن کے لوگ صدیوں سے پرامن رہتے آئے ہیں اور پاکستان کی سلامتی اور استحکام کےلئے اپنا کردار ادا کرتے رہے ہیں۔اپنا علیحدہ صوبہ مانگنا کون سا جرم عظیم تھا جس کی پاداش میں ایبٹ آباد میں جلوس پر براہ راست گولیاں چلائی گئیں اور 7 افراد کو شہید اور درجنوں کو زخمی کیا گیا اور آج تک اس واقعہ کی ایف آئی آر تک درج نہیں کی گئی۔بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ ہزارہ وال اوورسیز پاکستانیز فورم شہدائے ہزارہ کو کبھی نہیں بھولے گا۔تمام ہزارہ وال بھائیوں سے گزارش ہے کہ وہ خیبر پختونخواہ کی حکومت کے آن لائن ایف آئی آر سسٹم کے تحت اس واقعہ کی ایف آئی آر درج کروائیں۔ ہم اعلیٰ عدلیہ سے بھی کہتے ہیں کہ اس اندوہناک واقعہ کا سو موٹو نوٹس کیوں نہیں لیا گیا۔ کیا ہزارہ ڈویژن کے محب وطن عوام کا خون اتنا سستا تھا۔ ہم اپنے شہداءکی قربانیوں کو نہیں بھولیں گے اور انکی شہادت کے صلے میں اللہ ہمیں ضرور سرخرو فرمائے گا۔ ہم 12 اپریل 2010 کے شہداءکی قربانیوں کو سلام پیش کرتے ہیں اور اللہ تعالیٰ سے انکے درجات کی بلندی کیلئے دعا گو ہیں ۔