لاہور (خبرنگار) سابق وزیراعظم و چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے کہا ہے کہ میرے خلاف سازش امریکہ نہیں بلکہ شہبازشریف کو لانے کیلئے ملک سے کی گئی، اس میں پی ڈی ایم کے تمام لوگ شامل تھے، ساری سازش جنرل (ر) باجوہ نے ایکسٹینشن کیلئے رچائی، شہبازشریف نے ایکسٹینشن کی یقین دہانی کرائی تھی لیکن نوازشریف رکاوٹ بن گیا، ملک لندن پلان پر چل رہا ہے جس سے پاکستان کا بیڑہ غرق ہوگیا، لندن پلان ہے الیکشن نہیں جیت سکتے اسلئے ابھی انتخابات نہ کراﺅ۔
پی ٹی آئی دور میں معیشت 6 فیصد سے گروتھ کررہی تھی، اب ورلڈ بینک کی رپورٹ ہے، گروتھ 0.4 فیصد پر آگئی، 40 لاکھ لوگ غربت کی لکیر سے نیچے چلے گئے، میری قوم تیار ہو جائے، انتخابات نہ کرائے گئے تو چپ نہیں بیٹھیں گے، سڑکوں پر نکلیں گے، امیدواروں کو ہراساں، ہاتھ باندھ کر الیکشن لڑائیں گے تو پھر بھی سڑکوں پر نکلنا پڑےگا، ہرچیز کےلئے تیار ہونا چاہئے، ملک اداروں پر چلتا ہے، پارلیمنٹ کی حیثیت ختم ہو گئی، توشہ خانہ کیس میں سب کی چوری سامنے لائیں گے۔
عمران خان نے اپنی حکومت ختم ہوئے ایک سال مکمل ہونے پر موجودہ حکومت کی کارکردگی پروائٹ پیپر جاری کرتے ہوئے ویڈیو لنک خطاب میں کہا کہ سازش کی وجہ سے سال پہلے اپنی ڈائری اٹھا کر وزیراعظم ہاﺅس سے گھر گیا، سازش سال پہلے شروع ہوئی، مڈل ایسٹ کے سربراہ مل رہا تھا اس نے مجھے کہا پتہ ہے تمہیں ہٹانے کی کوشش ہورہی ہے، آرمی چیف تمہارے سے خوش نہیں ، میں بڑا حیران ہوا میں تو سمجھا تھا ہم ایک پیج پر ہیں لیکن کوئی سوچ بھی نہیں سکتا تھا، میں نے کہا تم کیا باتیں کر رہے ہو۔
جب پی ٹی آئی حکومت گئی تو سارا جائزہ لیا کیا کیا واقعات ہوئے اور کس طرح کی سازش ہوئی کون کون ملوث تھا، ایک کردار ماسٹر مائنڈ تھا، آہستہ آہستہ سمجھ آگئی ہمارے ساتھ کہاں کہاں دھوکے ہوئے، کہاں کہاںلال بتی کے پیچھے لگایا گیا، کہاں کہاں جھوٹ بولے گئے، منصوبہ تھا میری جگہ شہبازشریف کو لانا تھا ،شہباز شریف سے جنرل (ر)باجوہ کی انڈر سٹینڈنگ ہو چکی تھی اسی لئے کیسز معاف کرائے گئے حالانکہ سزائیں ہونے والی تھیں ،شہبازشریف کو پورا بچایا گیا اور لایا بھی گیا، سمجھتے تھے امریکہ سے سازش شروع ہوئی لیکن وہ ملک سے شروع ہوئی، حسین حقانی کو پی ٹی آئی حکومت میں ہائر کرایا گیااور میرے خلاف ہی پروپیگنڈا کیا گیا۔
مہم چلائی گئی جنرل (ر) باجوہ پرو امریکہ اور عمران خان اینٹی امریکہ ہے اور پھر وہاں سے سائفر آیا ،پہلے سے سازش تھی، بعد میںسارے ملتے گئے، عمران خان نے کہا تحریک انصاف نے حکومت کے خاتمے کا ایک سال مکمل ہونے پر وائٹ پیپر نکالا، ایک سال پہلے ملک کہاں کھڑا تھا اور اب کہاں پہنچ گیا،بند کمرے میں تھوڑے سے لوگو ں نے ملکرکو تباہی کے دہانے پہنچادیا،معیشت تباہ،مہنگائی آسمان پر جاپہنچی، عمران خان نے مزید کہا مجھے مرتضیٰ بھٹو کی طرح قتل کرنا چاہتے تھے، ڈرتھا مجھے جیل میں ڈالا تو میری مقبولیت میں اضافہ ہو جائیگا، پی ڈی ایم کے تمام لوگ سازش میں شامل تھے، حکومت کی ایک سالہ کارکردگی سب کے سامنے ہے، یہ لوگ کو رونا کے وقت حکومت میں ہوتے تو کیا کرتے؟ ۔
پاکستان نے کورونا میں بہترین کام کیا، پی ڈی ایم حکومت صرف اپنے کرپشن کیسز ختم کرنے آئی، سابق وزیراعظم نے کہاانتشار کیوں پھیلائیں گے الیکشن چاہتے ہیں، مجھ پر 144 کیس بنائے گئے، غداری کا مقدمہ بھی بنایا گیا، 144 میں سے 40 مقدمے دہشت گردی کے بنائے گئے ، اعظم سواتی پر پوتے پوتیوں کے سامنے تشدد کیا گیا، وائٹ پیپر دکھانے کا مقصد ایک سال میں ہونےوالی تباہی بیان کرنا ہے، ایک سال پہلے پاکستان کہاں کھڑا تھا اور اب کہاں کھڑا ہے، 2018ءمیں حکومت سنبھالی تو 20 ارب ڈالر کا خسارہ تھا، 2 سال کورونا سے نمٹنے میں لگ گئے، ٹیرارزم سے ٹورازم پر آگئے تھے لیکن حالات دوبارہ خراب ہوگئے، شکر ہے امپورٹڈ کو تب حکومت نہیں ملی ورنہ ملک بالکل تباہ ہوچکا ہوتا، انہوں نے آتے ہی پہلے نیب پھر ایف آئی اے کو تباہ کیا، توشہ خانہ کیس الٹا پڑ جائےگا، چوریاں سب کے سامنے لائیں گے، مجھے سکیورٹی دینا حکومت کا کام ہے لیکن نہیں دی جا رہی۔
پرویز مشرف کے مارشل لاءمیں بھی اتنا ظلم نہیں دیکھا، تحریک انصاف کو کچلنے کی کوشش ہو رہی ہے، سیاسی جماعتیں ایسی نہیں کچلی جاتیں، الیکشن کے بغیر کوئی راستہ نہیں جو لندن میں بیٹھے ہیں انکی دولت ڈالر میں ہے، ڈالرز کم آ رہے ہیں اور قرضے بڑھتے جارہے ہیں، پوری قوم کو سوچنا چاہئے ملک کس طرف جا رہا ہے، ملک اداروں پر چلتا ہے، پارلیمنٹ کی حیثیت ختم ہوگئی، نگران حکومت شفاف انتخابات کرانے کےلئے بنی،قوم تیار ہوجائے، الیکشن نہیں کرائے تو سڑکوں پر ہوں گے۔
سابق وزیراعظم ایف آئی آر درج نہیں کراسکتا، خاتون ججز کو کھلے عام برا بھلا کہہ رہی ہے، نامعلوم افراد کی جانب سے میڈیا مالکان کو دھمکیاں دی گئیں عمران خان کو بلیک آوٹ کرو، پی ٹی آئی کارکنوں کے گھروں پر چھاپے مارے گئے، چادر چار دیواری کا تقدس پامال کیا گیا، دنیا میں امیج جا رہا ہے پاکستان بنانا ریپبلکن ہے، پی ٹی آئی دور میں تیل بہت سستا تھا، تیل روس سے خریدنا تھا وہ بھارت نے معاہدہ کرلیا، راجہ ریاض کو اپوزیشن لیڈر بنا کر پارلیمنٹ کو تباہ کر دیا گیا، عدلیہ کو تقسیم کرکے یا پھر پی ٹی آئی کےخلاف حربے استعمال کئے تو سب سڑکوں پر ہوں گے۔
سازش امریکہ نہیں ملک میں ہوئی، انتخابات نہ کرائے تو سڑکوں پر نکلیں گے،عمران خان

















