تل ابیب (مشرق نیوز) اسرائیل نے فلسطینی تنظیم حماس کو لبنان سے 30 سے زیادہ راکٹ داغے جانے کا ذمے دار قرار دیا ہے جبکہ اسرائیلی وزیر اعظم بنیامین نیتن یاہو نے 2006 ءکے بعد لبنان سے ہونے والے سب سے بڑے راکٹ حملے کے جواب کا فیصلہ کرنے کے لیے سلامتی کابینہ کا اجلاس طلب کیا ہے۔میڈیارپورٹس کے مطابق اسرائیلی وزیر خارجہ ایلی کوہن نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے پیغام میں کہا کہ کسی کو بھی ہمیں آزمانا نہیں چاہیے، ہم اپنے ملک اور عوام کے دفاع کے لیے تمام ضروری اقدامات کریں گے۔اسرائیلی فوج کا کہنا تھا کہ لبنان سے 34 راکٹ داغے گئے ہیں۔ ان میں سے 25 کو اس کے آئرن ڈوم میزائل شکن نظام نے ناکارہ بنادیا۔ اسرائیل کی ایمبولینس سروس کا کہنا تھا کہ ایک شخص کو معمولی چوٹیں آئی ہیں۔صہیونی فوج نے ان راکٹوں کے جواب میں لبنان کے جنوبی علاقے کی جانب توپخانے سے گولہ باری کی ہے۔
اسرائیل نے حماس پر لبنان سے متعدد راکٹ داغنے کا الزام عائد کردیا

















