ممنوعہ فنڈنگ کیس میں لگائے گئے الزامات کا عمران خان سے تعلق نہیں،اسلام آباد ہائیکورٹ

اسلام آباد،لاہور (بیورورپورٹ،کورٹ رپورٹر)فنڈنگ کیس میں لگائے گئے الزامات کا عمران خان سے تعلق نہیں
،اسلام آباد ہائیکورٹ نے ضمانت منسوخی درخواست خارج کرنے کا تفصیلی فیصلہ جاری کردیا،
عدالت نے فارن ایکسچینج ایکٹ کے تحت درج مقدمے کے شواہد پر سوالات بھی اٹھا دئیے ،جسٹس محسن اختر کیانی اور جسٹس طارق محمود جہانگیری پر مشتمل بنچ کی جانب سے جاری فیصلے کے مطابق ایک بھی ثبوت نظر نہیں آیا عارف نقوی کی بھیجی گئی رقم جرم کی رقم تھی، لگائے گئے الزامات کا عمران خان یا طارق شفیع سے تعلق ہی نہیں،
عمران خان نے تو کسی ایک بھی بینک دستاویز پر دستخط نہیں کیے،فیصلے میں مزید کہا گیا سٹیٹ بینک نے انکوائری کی نہ ہی تحریک انصاف کو وصول کسی ٹرانزیکشن کو غیر قانونی کہا،ایک الزام پی ٹی آئی اکاونٹ کو نیا پاکستان اکاونٹ میں تبدیل کرنے کا ہے جو کوئی جرم نہیں، کیس کے تفتیشی افسر نے سٹیٹ بینک حکام کا بھی کوئی بیان قلمبند نہیں کیا
، فیصلے کے مطابق ایف آئی اے مطمئن نہیں کر سکی عمران خان کی ضمانت خارج کیوں کی جائے؟ بینکنگ کورٹ نے درست کہا کیس میں تمام شواہد دستاویزی ہیں اور گرفتاری ضروری نہیں، ایف آئی اے کی جانب سے عمران خان کی ضمانت منسوخی درخواست خارج کی جاتی ہے،ادھر اسلام آباد کی مقامی عدالت نے خاتون جج دھمکی کیس میں سابق وزیراعظم عمران خان کے ناقابل ضمانت کو قابل ضمانت وارنٹ میں تبدیل کرنے کا تفصیلی فیصلہ جاری کردیا،ایڈیشنل سیشن جج سکندرخان نے 2 صفحات پر مشتمل تفصیلی فیصلہ جاری کیا،
تفصیلی فیصلے میں کہا گیااس سے قبل بھی 24مارچ کو عمران خان کے ناقابل ضمانت وارنٹ کو قابل ضمانت وارنٹ میں تبدیل کیا گیا،
جوڈیشل مجسٹریٹ کے سامنے 24 مارچ کا سیشن عدالت کا فیصلہ دستیاب تھا، جوڈیشل مجسٹریٹ کے فیصلے کیساتھ ناقابل ضمانت وارنٹ کی کوئی کاپی منسلک نہیں،فیصلے میں کہا گیا تفتیشی افسر نے کہا عمران خان کی رہائشگاہ پر قابل ضمانت وارنٹ کی تعمیل بھی نہیں کی گئی،جوڈیشل مجسٹریٹ کو ناقابل ضمانت کی جگہ پہلے قابل ضمانت وارنٹ جاری کرنا چاہیے تھا
، اعتراضات پر مبنی ٹرائل کورٹ کے فیصلے کو قابل ضمانت وارنٹ میں تبدیل کیا جاتا ہے،دریں اثنا لاہور ہائیکورٹ نے عمران خان کیخلاف 121 مقدمات کے اخراج کیلئے درخواست میں مقدمات کی مصدقہ نقول فراہم کرنے سمیت دیگر اعتراضات دور کرنے کی ہدایت کر دی۔