جسٹس جمال مندوخیل کی معذرت کے بعد بنچ پھر ٹوٹ گیا۔
انتخابات ملتوی کرنے کے خلاف کیس کی سماعت کرنے والے 4 رکنی بنچ میں شامل جسٹس جمال مندوخیل نےکیس سننے سے معذرت کرلی جس کے بعد چیف جسٹس نے نیا بینچ تشکیل دے دیا۔
چیف جسٹس کی سربراہی میں 4 رکنی بنچ سماعت کے لیےکمرہ عدالت پہنچا،جسٹس اعجازالاحسن، جسٹس منیب اختر اور جسٹس جمال مندوخیل شامل تھے۔
اٹارنی جنرل منصور عثمان اعوان روسٹرم پر آئے تو چیف جسٹس نےکہا اٹارنی جنرل صاحب، آپ سے پہلے جسٹس جمال مندوخیل کچھ کہنا چاہتے ہیں۔
اس موقع پر جسٹس جمال مندوخیل نے کیس سننے سے معذرت کرلی، جسٹس جمال مندوخیل نےکہا جسٹس امین الدین کے فیصلے کے بعد حکم نامےکا انتظار تھا، مجھے عدالتی حکم نامہ گھر میں موصول ہوا، حکم نامے پر میں نے الگ سے نوٹ تحریرکیا ، اٹارنی جنرل صاحب آپ اختلافی نوٹ پڑھ کر سنائیں۔
اختلافی نوٹ میں کہا گیا میں بینچ کا ممبر تھا، فیصلہ تحریرکرتے وقت مجھ سے مشاورت نہیں کی گئی، سمجھتا ہوں کہ میں بنچ میں مس فٹ ہوں، دعا ہے کیس میں جوبھی بنچ ہو ایسا فیصلہ آئے جو سب کو قبول ہو، اللہ ہمارے ادارے پر رحم کرے، میں اور میرے تمام ساتھی ججز آئین کے پابند ہیں, حکم نامہ کھلی عدالت میں نہیں لکھوایا گیا، جسٹس فائز عیسیٰ کے فیصلے کا کھلی عدالت میں جائزہ لیا جائے۔
اس دوران چیف جسٹس نے جسٹس جمال مندوخیل کو بات کرنے سے روک دیا اور کہا بہت بہت شکریہ، بنچ کی تشکیل کا جوبھی فیصلہ ہوگا کچھ دیربعد عدالت میں بتادیا جائےگا۔
جسٹس جمال خان مندو خیل نےکہا میں کل بھی کچھ کہنا چاہ رہا تھا، شاید فیصلہ لکھواتے وقت مجھ سے مشورے کی ضرورت نہیں تھی، شاید فیصلہ لکھواتے وقت مجھے مشورےکے قابل نہیں سمجھا گیا، اللہ ہمارے ملک کے لیے خیر کرے۔
چیف جسٹس نے کیس کی سماعت کے لیے نیا بینچ تشکیل دے دیا، سپلیمنٹری کاز لسٹ کے مطابق چیف جسٹس ، جسٹس اعجازالاحسن اور جسٹس منیب اختر بینچ میں شامل ہیں۔
جسٹس جمال مندوخیل کی معذرت کے بعد بنچ پھر ٹوٹ گیا
















