پریانکا چوپڑا کے بھارت چھو ڑنے کا قصور وار کرن جوہرہے :کنگنا رناوت

ممبئی (مشرق نیوز) یہ کسی سے ڈھکی چھپی بات نہیں کہ بالی وڈ اداکارہ پریانکا چوپڑا بھارت چھوڑ کر اپنے شوہر کے ہمراہ امریکا منتقل ہوگئی ہیں، یہی وجہ ہے کہ وہ کافی عرصے سے فلموں میں بھی نظر نہیں آئیں۔ایک حالیہ امریکی پوڈ کاسٹ میں گفتگو کرتے ہوئے پریانکا چوپڑا نے بھارت چھوڑ کر امریکا منتقل ہونے اور پھر وہاں کام کرنے سے متعلق گفتگو کی۔اداکارہ پریانکا چوپڑا کا کہنا تھا کہ بالی وڈ انڈسٹری میں انہیں ایک طرف کردیا گیا تھا اور جس طرح کے کام کی خواہشمند وہ تھیں اس طرح کا کام انہیں نہیں دیا جارہا تھا۔انہوں نے بتایا کہ بالی وڈ میں انہیں ایک کونے میں دھکیلا جا رہا تھا اور کوئی انہیں کاسٹ نہیں کر رہا تھا، نہ ہی انہیں ویسی فلمیں دی جارہی تھیں جیسی وہ چاہتی تھیں، اسی لیے بالی وڈ سے وہ بریک لینا چاہتی تھیں۔اداکارہ نے کہا کہ مجھے سیاست جیسے کھیل نہیں آتے، لوگ انڈسٹری میں سیاست کررہے تھے اور وہاں میں خود کو مسئلے میں نہیں ڈالنا چاہتی تھی۔پریانکا کے اس بیان پر کنگنا رناوت نے پریانکا کی حمایت میں بولتے ہوئے اداکارہ کے بھارت چھوڑنے کی وجہ بالی وڈ کے مشہور ہدایتکار کرن جوہر کو قرار دیا۔