اسلام آباد (بیورورپورٹ)وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے کہا ہے ملک میں آئینی بحران ہے نہ قانونی صرف رویوں کا بحران ہے ،صوابدیدی اختیار کیخلاف سپریم کورٹ کے اندر سے ہی آواز آگئی،حکومت کو کہا جا رہا ہے فوری قومی اسمبلی توڑ دیں،وزیراعظم شہبازشریف سے ملاقات کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے اعظم نذیر تارڑ نے کہامشاورت کا دوسرا دور بھی ہو گا۔
موجودہ حالات میں اجتماعی دانش کیساتھ آگے بڑھنے کی ضرورت ہوتی ہے، عدلیہ و پارلیمان کا اپنا اپنا کردار ہے، کچھ کام پارلیمنٹ نے کرنے ہیں، کچھ کام صرف عدلیہ کر سکتی ہے،وزیر قانون نے کہا ملک میں آئینی بحران ہے نہ قانونی، صرف رویوں کا بحران ہے، ایک چھوٹی سی بات کی گئی جب آپ قومی نوعیت کے مقدمات میں بیٹھیں تو سینئر موسٹ ججز کو بٹھائیں یا فل کورٹ بنائیں،صوابدیدی اختیار کیخلاف سپریم کورٹ کے اندر سے ہی آواز آگئی، صحافی نے سوال کیا کیا سول سوسائٹی کے کچھ اراکین حکومت ،پی ٹی آئی کے درمیان مذاکرات کی کوشش کر رہے ہیں؟
اعظم نذیر تارڑ نے کہاامتیاز عالم، مجیب الرحمن شامی، حنا جیلانی، پاکستان بار کونسل کے وائس چیئرمین ہارون رشید اچھی کوششیں کر رہے ہیں اگر آپ ملک کو آگے لے کر چلنا چاہتے ہیں تو میرا خیال ہے ایسی کوششیں ہونی چاہئیں، کوئی حقیقی معنوں میں مذاکرات کے مزاج سے آ کر بیٹھے تو بات چیت کی جا سکتی ہے،حصوں، ٹکڑوں میں انتخابات سیاسی بحران پیدا کریں گے۔
ملک کو سیاسی استحکام کی ضرورت ہے کوئی الیکشن سے نہیں بھاگ رہا، بیٹھ کر ایک طریقہ کار طے کر لیا جائے تاکہ لیول پلئینگ فیلڈ ملے،حکومت کو کہا جا رہا ہے آپ ابھی قومی اسمبلی توڑ دیں، نظام کو کسی ایک شخص کی انا کی بھینٹ نہیں چڑھانا چاہیے،2صوبوں کی اسمبلیاں توڑی گئیں،سوال عدالت میں اٹھایا تو قالین کے نیچے دبا دیا گیا۔
ملک میں صرف رویوں کابحران،حکومت کو کہا جارہاہے فوری قومی اسمبلی توڑ دیں،اعظم نذیر تارڑ

















