عمران خان کی اسلام آباد ہائی کورٹ سے 7 مقدمات میں6 اپریل تک عبوری ضمانت منظور
اسلام آباد (مشرق نیوز)اسلام آباد ہائی کورٹ نے چیئرمین پی ٹی آئی، سابق وزیرِ اعظم عمران خان کی 7 مقدمات میں 6 اپریل تک عبوری ضمانت منظور کر لی۔اسلام آباد ہائی کورٹ میں چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی ضمانت کی درخواستوں پر چیف جسٹس عامر فاروق اور جسٹس گل حسن اورنگزیب نے سماعت کی ،عمران خان کی جانب سے بیرسٹر سلمان صفدر عدالت میں پیش ہوئے جنہوں نے عدالت کو بتایا کہ بائیو میٹرک اعتراض کو 60 سال سے زائد عمر والوں پر لاگو نہیں کرنا چاہیے۔چیف جسٹس عامر فاروق نے کہا کہ اب تو بائیو میٹرک کرانے کا طریقہ بہت اسان ہو گیا ہے۔عمران خان کے وکیل نے کہا کہ لاہور ہائی کورٹ سے حفاظتی ضمانت حاصل کی ہے، جوڈیشل کمپلیکس پہنچے تو گیٹ سے آگے نہیں جانے دیا گیا، عمران خان پر اس روز مزید ایف آئی آرز درج کی گئیں۔چیف جسٹس نے انہیں ہدایت کی کہ آپ پہلے اس بات پر مطمئن کریں کہ ایک فورم کو بائی پاس کر کے یہاں کیوں آئے؟ آپ نے آخر کار جانا ادھر ہی ہے پھر پہلے ٹرائل کورٹ کیوں نہیں گئے؟عمران خان کے وکیل نے جواب دیا کہ میں اس حوالے سے سپریم کورٹ کے فیصلے پیش کروں گا۔چیف جسٹس نے استفسار کیا کہ آپ سادہ سی بات بتائیں کہ جمپ کر کے براہِ راست ہائی کورٹ کیوں آئے؟عمران خان کے وکیل نے کہا کہ عمران خان کو سیکیورٹی خدشات ہیں، یہاں ماحول بہت بہتر ہے۔چیف جسٹس نے کہا کہ اگر ہزاروں لوگ آجائیں گے تو پھر امن و امان کی صورتِ حال پیدا ہو گی، آپ نے ہی اس صورتِ حال کو بہتر بنانا ہے۔عمران خان کے وکیل نے جواب دیا کہ ہم کسی کو کال نہیں دیتے، لوگ خود آ جاتے ہیں۔چیف جسٹس نے کہا کہ ہمارے یہ بات مدِ نظر ہے کہ درخواست گزار ایک بڑی سیاسی جماعت کے لیڈر ہیں اور ان کے فالورز بھی ہیں۔اس موقع پر عمران خان روسٹرم پر آ گئے تاہم چیف جسٹس عامر فاروق نے انہیں بات کرنے سے روک دیا اور انہیں واپس اپنی نشست پر بیٹھنے کی ہدایت کر دی۔چیف جسٹس عامر فاروق نے کہا کہ عمران خان کو سیکیورٹی خدشات ہیں جو جینوئن ہوں گے، ان پر ایک مرتبہ حملہ بھی ہو چکا ہے۔عدالت نے ایڈوکیٹ جنرل اسلام آباد جہانگیرجدون کو روسٹرم پر بلا لیا۔سیکیورٹی کے سوال پر ایڈووکیٹ جنرل اسلام آباد نے کہا کہ عمران خان گاڑی سے نہیں اترے، ان کے لوگوں نے وہاں گاڑیاں جلا دیں۔چیف جسٹس عامر فاروق نے کہا کہ آپ سیکیورٹی نہیں دیں گے تو یہ اپنی سیکیورٹی خود کریں گے۔ایڈووکیٹ جنرل اسلام ااباد نے کہا کہ میں نے بھی سیکیورٹی کے حوالے سے بات کی ہے۔فواد چوہدری نے کہا کہ نہیں! آپ نے یہ بات نہیں کی، آپ جھوٹ بول رہے ہیں، آپ سے زیادہ جھوٹ کوئی نہیں بولتا۔عدالت نے فواد چوہدری اور ایڈووکیٹ جنرل کو کراس ٹاک سے منع کر دیا۔چیف جسٹس نے کہا کہ سیکیورٹی کے ایشو پر فیڈریشن کو نوٹس کر رہے ہیں اور پولیس کو عمران خان کی گرفتاری سے روک رہے ہیں، ریاست اس بات کو محسوس کرے کہ وہ ریاست ہے، حکومتیں تو آتی جاتی رہتی ہیں، ریاست اپنے شہریوں کے لیے موجود ہوتی ہے

















