عمران نے اب عدالتی اسٹیبلشمنٹ ڈھونڈلی،انتخابات کے علاوہ مسائل کا کوئی حل نہیں،مریم نواز

لاہور (اپنے رپورٹر سے)سینئر نائب صدر ن لیگ و چیف آرگنائزر مریم نواز نے کہا ہے الیکشن کے علاوہ مسائل کا کوئی حل نہیں، ہر 5 سال بعد انتخابات ہونے چاہئیں،ن لیگ الیکشن سے نہیں ڈرتی مگر الیکشن سے پہلے انصاف کے ترازو کے دونوں پلڑے برابر کرنا ہوں گے

،عمران خان نے اب سلیکشن کےلئے جوڈیشل اسٹیبلشمنٹ ڈھونڈلی جبکہ جنرل باجوہ کی باقیات بھی اب تک اسٹیبلشمنٹ میں موجود ہیں،لاہور میں لائرز ونگ کے عہدیداروں سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا عمران خان کی ساری سیاست اسٹیبلشمنٹ کے گرد گھومتی ہے اب عدالتی اسٹیبلشمنٹ ڈھونڈ لی ،پوری سیاست بیساکھیوں اور سہولت کاروں کے گرد گھومتی ہے،نواز شریف کیساتھ زیادتیاں کی گئیں، میری والدہ کے الیکشن میں آپ سب نے ساتھ دیا، بہت جذبے کیساتھ آپ لوگوں نے مشکل وقت میں ساتھ دیا

، نواز شریف کے بیانیے کو آگے بڑھانے میں آپ کا کردار واضح ہے، عمران خان جتھے لیکر عدالتوں پر حملہ آور ہوئے، آئین و قانون کی دھجیاں اڑائیں، پاکستان کا قانون کہاں سو رہا ہے؟ ترازو کے پلڑے برابر نہیں، ن لیگ کی قیادت نے جھوٹے مقدمات کا سامنا کیا، زمان پارک میں پولیس پر حملہ کیا گیا ،پٹرول بم پھینکے گئے،کون ہے جو آج بھی عمران خان کو بچا رہا ہے، خان صاحب آپ کا دامن داغدار نہیں تو عدالتوں کے سامنے پیش ہوں، انتخابات ہی ملکی مسائل کا حل ہیں، ہر 5سال بعد الیکشن ہونے چاہئیں،لیول پلیننگ فیلڈ چاہتے ہیں اور چاہتے ہیں پہلے ترازو کے پلڑے برابر کرو پھر الیکشن کراو،نواز شریف پر پانامہ، ڈاکے اور چوری کے جھوٹے مقدمات درج کیے گئے، عمران خان کو ابھی تک کسی نے انگلی بھی نہیں لگائی

، عمران خان جتھوں کی صورت میں عدالت پر حملہ آور ہورہا ہے مگر لاڈلے والاسلوک ہوتا ہے،قانون کو پاوں تلے روندا لیکن 5منٹ میں ضمانت مل جاتی ہے، بشری بیگم نے توشہ خانہ کے تحائف بیچے،دامن داغدار نہیں تو عدالت میں جواب دیں،سپریم کورٹ نے قرار دیا عمران خان نے آئین توڑا مگر سزا دئیے بغیر گھر جانے دیا، سرٹیفائیڈ آئین کو توڑنے والے کو سزا کیوں نہیں دی؟ آئین توڑنے والے پر تو آرٹیکل 6لگتا ہے، کیوں عمران خان کےساتھ لاڈلے والا سلوک ہوتا ہے؟ سپریم کورٹ کے فیصلے پر حکومت نے پٹیشن کیوں دائر نہیں کی؟ حکومت کا آئین توڑنے والے کےخلاف پٹیشن دائر نہ کرنا کمزوری ہے،زمان پارک سے ریاست پر حملہ ہوا آئین و قانون کہاں سورہا تھا؟

،ن لیگ والے جھوٹے مقدمات میں 100 سے زائد پیشیوں پر گئے مگر عمران خان کوتھوک کے حساب سے ضمانتیں دی جارہی ہیں،ایک شخص نے آئین کو بچوں کا کھیل سمجھ رکھا ہے، عمران خان نے اپنے دور حکومت میں بار بار قانون کی دھجیاں بکھیریں، اپنے دور میں آئین سے کھیلنے والے کو آج آئین یاد آرہا ہے؟ آئین شکنوں کے منہ سے آئین و قانون کی باتیں اچھی نہیں لگتیں،بیگمات اور بچوں کے کہنے پر عدالت کے فیصلے کیے گئے،جنرل (ر) باجوہ کہتے ہیں بیگمات کے کہنے پر عدالت کے فیصلے ہوتے ہیں، باجوہ نے انٹرویو میں یہ بھی کہا عمران خان خطرناک شخص ہے۔