الیکشن چاہتا ہوں تصادم نہیں ، عمران خان

لاہور ( ) سابق وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے حقیقی آزادی تب آئے گی جب ملک میں انصاف ہوگا اور انصاف کا مطلب طاقت ور اور کمزور کے لیے یکساں قانون ہے


مینار پاکستان میں حقیقی آزادی جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا جلسہ روکنےکےلیے 2 ہزارکےقریب کارکنان کوگرفتارکیا گیا اور جگہ جگہ کینٹینرز لگائے گئے، رکاوٹوں کےباوجود کارکنوں کوجلسہ گاہ پہنچنے پر مبارکباد پیش کرتا ہوں۔



سابق وزیر اعظم نے کہا جب قوم فیصلہ کرلیتی ہے توپھر کوئی نہیں روک سکتا، میں نے قوم کو ہرقسم کا ظلم برداشت کرتےدیکھا، انسان ہمیشہ سےآزادی چاہتا ہے، غلام رینگتے ہیں،آزاد انسان اوپرجاتےہیں۔

عمران خان نے کہا جوآزادی ہمیں قانون کی حکمرانی سےملنا تھی نہیں مل سکی، پہلے مارشل لا لگ گئے، طاقت ور فیصلہ کرتےتھے، بدقسمتی ہے ڈیموکریٹ آئے تو کبھی قانون کونہیں چلنے دیا، سیاست دانوں نے این آراو لیے، پاکستان میں جنگل کا قانون رہا ، طاقت ور جو مرضی کرتا ہے کمزوربے بس ہے، ملک کا قانون کمزور کی حفاظت نہیں کرتا اسی لیےلوگ غلام ہے۔

خوشحال ملکوں میں قانون کی حکمرانی ہے اس لیےخوشحال ہے، کیا بیرون ممالک میں قبضہ گروپ ہوتےہیں؟، یورپ میں تھانہ اور پٹواری کلچر نہیں کیوں کہ وہاں انصاف ہے، لوگ خوشحال ہیں۔

اگرملک میں انصاف ہوگا تو پاکستانیوں کونوکری کے لیے یورپ نہیں جانا پڑے گا، ملک میں جس کی لاٹھی اس کی بھینس کا قانون ہے ملک کیسے اٹھ سکتا ہے، جومرضی کرلیں جب تک رول آف لا نہیں ہوگا تباہی ہے۔

میرے مقدمات کی سنچری مکمل ہوگئی ، کیسزکی تعداد 150 کےقریب ہے، 40 کے قریب دہشت گردی کے مقدمات درج ہیں، غریب آدمی انصاف لینے کے لیے ساری زندگی تباہ ہوجاتا ہے، سندھ میں زرداری سسٹم ظلم کررہا ہے، سندھ میں غنڈے پالےہوئے ہیں کوئی ظلم کےخلاف آوازنہیں اٹھا سکتا۔


پاکستان میں جنگل کے قانون پر کسی کو پرواہ نہیں ، 2ہزار کارکنوں کو گھروں سے اٹھالیا گیا، ڈاکٹر روبینہ کو کلینک سے اٹھا کر لے گئے ، ہمارے دور میں پی ڈی ایم نے 3 مارچ کیے، ایک ایف آئی آر نہیں کٹی ، میں نے تو پی ڈی ایم، بلاول کو کھانا دینے کی بھی آفر کی تھی، 25مئی کو جو ظلم ہوا کبھی تصور نہیں کرسکتا ، 8 مارچ کو اجازت لیکر زمان پارک سے ریلی نکالنے کا فیصلہ کیا لیکن 8مارچ ایک دم شیلنگ، ناکوں کی خبریں چلنا شروع ہوگئیں، میں سمجھ گیا شیلنگ کے ذریعے تصادم چاہتے ہیں، میں توالیکشن چاہتا ہوں تصادم نہیں ، یہ الیکشن سے ڈرے ہوئے اس لیے فساد چاہتے ہیں۔

کارکن ظل شاہ ایک ملنگ آدمی تھا، انہوں نےبے دردی کےساتھ قتل کیا، درندوں کو سمجھ نہیں آئی وہ سپیشل چائلڈ تھا، پوسٹ مارٹم رپورٹ کے مطابق ظل شاہ کےجسم پر 26 زخم تھے، مار کر سڑک کنارے پھینک دیا اور قتل کر کے الزام میرے اوپر لگا دیا، کسی آزاد ملک میں ایسا نہیں ہوسکتا صرف غلام ملک میں ہوتا ہے، سارے پاکستان میں کمزور لوگوں پر ظلم ہورہا ہے۔

عمران خان نے کہا ارشد شریف کو سلام پیش کرتا ہوں، ارشد جیسا صحافی آج تک نہیں دیکھا، وہ ملک سے باہر گیا اسے قتل کرا دیا، چینلز پر زور لگایا جارہا ہے کہ عمران خان کو نہ دکھاؤ، پاکستان میں ایسی سختی پہلے نہیں تھی، ان کی کوشش ہے لوگ ڈر کر ظالموں کو قبول کرلیں، کہا گیا دہشت گردی ہو گی لیکن اتنی خواتین آئی ہیں، قوم آزاد ہورہی ہے لوگوں نے خوف کے بت توڑ دیئے جو سمجھتا ہے قوم کو غلام بنالے گا اسے غلط فہمی میں نہیں رہنا چاہیے۔

اعظم سواتی 75 سال کا شخص اس پرتشدد کیا شرم نہیں آئی، شہبازگل پر ہر قسم کا تشدد کیا گیا، سوشل میڈیا کے نوجوانوں پر بھی تشدد کیا گیا، ننگا کر کے تشدد کرنے والے نارمل نہیں ذہنی مریض ہیں۔

سابق وزیر اعظم نے کہا کہ ہردوسرے دن میرے اوپر نیا کیس بنادیا جاتا ہے، قوم مجھے 50 سال سے جانتی ہے کیا میں دہشت گرد ہوں؟ جنہوں نے ملک لوٹا وہ بیرون ملک عیاشی کر رہے ہیں، نوازشریف نے ڈان لیکس کی وہ لندن بیٹھ کر فیصلے کررہا ہے، آصف زرداری نےفوج کے خلاف سازش کی وہ ملک کے فیصلے کررہا ہےجس کا جینا مرنا پاکستان ہے اس کے خلاف مقدمات درج کیے جا رہے ہیں، میرے گھرپر ایسا حملہ ہوا جیسے کوئی کلبھوشن جیسا غداربیٹھا ہو، زمان پارک پرحملہ ہوا تو گھر میں صرف 50 لڑکے رہ گئے تھے، پچاس لڑکوں نے بہادری کےساتھ مقابلہ کیا، میرے بھانجے حسان نیازی کوذلیل کر رہے ہیں،شرم نہیں آتی۔

اسلام آباد ٹول پلازہ پہنچنے پر 50 پولیس والے میرے گھر گھس گئے، گھر میں ہرچیز کو لوٹ لیا گیا ، ملازمین کو بے دردی کے ساتھ مارا گیا، اہلیہ گھر میں اکیلی تھی اور یہ اندر گھسے، ججز، فوج ، پولیس کے آفیسرز سے سوال پوچھتا ہوں اگر آپ کے گھرمیں ایسا ہوتا توکیا تکلیف ہوتی، کسی آزاد ملک میں ایسا نہیں ہوسکتا، پاکستان میں جنگل کا قانون ہے اس لیے ایسا ہوا۔

عمران خان نے کہا جوڈیشل کمپلیکس میں مجھے مارنے کا پروگرام بنایا ہوا تھا، شیلنگ کی گئی، کمپلیکس کے باہر اتنی رینجرز ، پولیس اکٹھی ہوئی جیسے کلبھوشن سے بڑا کوئی دہشت گرد آرہا ہے، کمپلیکس کے اوپر سے پتھراؤ اور شیلنگ کی گئی۔

انہوں نے کہا پنجاب میں الیکشن ملتوی کردیا گیا ، آئین کہتا ہے 90 دن کے اندر الیکشن ہو گا، سپریم کورٹ نے کہا 90 دن کے اندرالیکشن ہوگا توالیکشن کمیشن نے کس منہ سے تاریخ آگے کر دی، ملک کا دیوالیہ تو نکل رہا ہے تو پھر تو اکتوبر میں بھی الیکشن نہیں ہونگے، انٹرنیشنل مانیٹری فنڈ ( آئی ایم ایف ) نے الیکشن سے متعلق بیان کی تردید کی، الیکشن ملتوی ہونے پر عدالت جاچکے اگر وکلا نے سٹینڈ نہ لیا تو پھر ملک میں قانون ختم ہو جائے گا، سب نے سپریم کورٹ اور آئین کے ساتھ کھڑا ہونا ہے۔