واشنگٹن (مشرق نیوز) لگتا ہے کہ اسرائیلی وزیر اعظم بنجمن نیتن یاہو نے اپنی حکومت کے قیام کے تین ماہ بعد ہی اپنی غلطیوں اور لغزشوں کا ایک پلندہ جمع کرلیا ہے۔ حکومت کی تازہ ترین غلطیوں میں سے ایک اسرائیلی وزیر خزانہ بیزلیل سموٹریچ کے نسل پرستانہ بیانات ہیں۔ ان بیانات نے نہ صرف عالمی تنقید کو پیدا کیا بلکہ واشنگٹن کو بھی ناراض کردیا ہے۔ امریکی صدر جو بائیڈن کی انتظامیہ نے نیتن یاہو کو کہا کہ انہیں وائٹ ہاﺅس میں عوامی تنقید کا سامنا کرنا پڑے گا۔ اسی بنا پر واشنگٹن نے اسرائیلی وزیراعظم کو آگاہ کیا کہ ان کے لیے امریکہ کا دورہ کرنے کا یہ مناسب وقت نہیں ہے۔اسرائیلی وزیر خزانہ سموٹریچ مقبوضہ مغربی کنارے کے انتظامی امور کے انچارج ہیں۔ انہیں پیرس میں ایک کانفرنس میں یہ کہتے ہوئے سنا گیا کہ کیا فلسطین کی کوئی تاریخ یا ثقافت ہے؟ فلسطینی عوام نام کی کوئی چیز نہیں ہے۔ ان کے اس بیان پر دنیا بھر میں تنقید کی جارہی ہے۔ اردن نے سموٹریچ کی اس بنا پر شدید مذمت کی کہ انہوں نے ایک تقریب میں جس پوڈیم سے بات کی تھی اس پر اسرائیل کے نقشے میں اردن اور مقبوضہ فلسطینی علاقوں کو بھی شامل دکھایا گیا تھا۔
اسرائیلی وزیر کے نسل پرستانہ بیانات ،نیتن یاہوسے امریکہ ناراض

















