پی ایس ایل 8کی ٹرافی لاہور قلندرز کے ہیڈ کوارٹر پہنچ گئی

لاہور (مشرق نیوز) پاکستان سپر لیگ سیزن 8کی ٹرافی لاہور قلندرز کے ہیڈ کوارٹر پہنچ گئی، فرنچائز کے سی او او ثمین رانا اور ڈائریکٹر کرکٹ عاقب جاوید نے ٹرافی سی ای او عاطف رانا کو دی۔سی ای او عاطف رانا نے پی ایس ایل 7کی ٹرافی کے ساتھ پی ایس ایل 8کی ٹرافی سجا دی، اس موقع پر کیک بھی کاٹا گیا۔اس موقع پر بات کرتے ہوئے عاطف رانا نے کہا ہے کہ چار برس بری طرح ہارے، اب چار سال جیتنے کی کوشش ہے۔انہوں نے کہا کہ ہم تو اللہ کا شکر ادا کرتے ہیں کہ گراس روٹ لیول پر جو کام کیا یہ اس کے ثمرات ہیں۔عاطف رانا نے کہا کہ لاہور کے 13میچز ہاﺅس فل رہے ہیں، لاہور قلندرز کے ٹکٹ آدھے گھنٹے میں بک جاتے ہیں۔سی او او ثمین رانا نے کہا کہ ہمارے لئے بڑے فخر کی بات ہے کہ ہم نے ٹائٹل جیتا، جو کوئی اور ٹیم نہیں کر سکی وہ کام لاہور قلندرز نے کر دکھایا ہے، ہم نے لگاتار دوسری مرتبہ ٹرافی جیتی ہے۔واضح رہے کہ لاہور قلندرز پہلی ٹیم ہے جس نے لگاتار دوسری مرتبہ پی ایس ایل کی ٹرافی جیتی ہے، لاہور قلندرز نے ملتان سلطانز کو ہی شکست دےکر ٹائٹل کا دفاع کیا۔