بھکاری بچوں کی تعلیم و تربیت بہت ضروری ہے: میاں منیر

لاہور (اپنے رپورٹر سے) سوشل ویلفیئر اینڈ بیت المال کے زیرِ اہتمام انسدادِ گداگری آگاہی سیمینار سے خطاب میں سیکرٹری جنرل انجمن حمایتِ اسلام میاں محمد منیر نے کہا کہ سڑکوں،چوراہوں، مساجد اور عوامی مقامات پر بھیک مانگنے والے مستحق نہیں ہوتے۔

انہوں نے بھکاری بچوں کو جیل بھجوانے کے بجاے بحالی مراکز میں رکھنے کی تجویز دیتے ہوئے کہا حمایت اسلام دارالشفقت میں بھکاری بن سکنے والے بچوں اور بچیوں کو اعلیٰ تعلیم و تربیت مہیا کر کے معاشرتی ترقی کے مرکزی دھارے میں شامل کیا جاتاہے۔ انہوں نے پیشکش کی کہ اگر حکومت بھکاری بچے نہیں سنبھال سکتی تو انھیں پکڑ کر تعلیم و تربیت کیلئے انجمن حمایت اسلام کے سپرد کر دے۔

ڈپٹی ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر اینڈ بیت المال حرا صدیق نے کہا کہ پیشہ ور گداگروں کی حوصلہ شکنی کیلئے اپنے جاننے والوں یا قابلِ اعتماد فلاحی اداروں کو زکوٰة، خیرات، صدقات اور فطرانہ کی رقوم دینی چاہئیں تاکہ اللہ تعالیٰ کی رضا حاصل ہو۔ انہوں نے کہا کہ پولیس اور عوام کی شراکت سے ہی معاشرہ ترقی کی جانب گامزن ہو سکتا ہے۔

اسلامک ریسرچ سنٹر کے سیکرٹری رفیع رضا کھرل نے کہا کہ 1951ء سے لےکر اب تک وفاقی اور صوبائی حکومتیں متعدد ایکٹ، آرڈی نینس اور قوانین کے ذریعے گداگری کے خاتمے کے اعلان کرتی رہی ہیں۔ مافیا زیادہ تر بچوں، مردوں اور عورتوں کو بھیک مانگنے کیلئے معذور بنا دیتا ہے جنھیں پکڑ کر جیلوں میں نہیں رکھا جا سکتا۔

محکمہ سماجی بہبود کو بھکاریوں کی بحالی کیلئے ووکیشنل انسٹیٹیوٹ قائم کرنے چاہئیں، حمایت اسلام دارالشفقت کے سپرنٹنڈنٹ منیر احمد خان نے کہا کہ ماہِ مقدس، عید اور تیوہاروں پر پرہجوم مقامات پر گداگری کے ٹھیکیداروں کیلئے باقاعدہ ٹینڈر جاری کئے جاتے ہیں، جو رحم دل مخیرین سے زبردستی بھیک وصول کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ جو یتامی دارالشفقت کی پناہ میں آ جاتے ہیں، وہ گداگری سے محفوظ ہو جاتے ہیں۔ ہائر سیکنڈری سکول کے پرنسپل ندیم یعقوب نے کہا کہ مذہب مانگنے والوں کی حوصلہ شکنی کرتا ہے، ہر صاحب نصاب کی ذمہ داری ہے کہ وہ اپنے خاندان، محلے اور شہر کے مستحقین کی ازخود مالی مدد کرے۔

انہوں نے کہا کہ 140سال قبل اہلِ لاہور نے مستحقین کیلئے مستقل طور پر فلاحی اور تعلیمی خدمات انجام دینے کیلئے انجمن حمایت اسلام قائم کی تھی۔ انسداد گداگری سیمینار سے روبینہ ناز، مریم لئیق، تسلیم زہرا، اصغر علی،ڈاکٹر وفا، میاں خورشید انور، ڈاکٹر جواد اشفاق، ندیم احمد و دیگر مقررین نے بھی خطاب کیا۔ کمیونٹی ڈویلپمنٹ سمن آباد اور انجمن حمایت اسلام کے اشتراک سے قائداعظم ہال میں منعقدہ سیمینار میں مختلف اداروں کے ملازمین، طلبہ و طالبات اور عوام کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔