الخدمت،یو سی پی کے زیراہتمام ” کڈز لٹریسی پروگرام“

اسلام آباد (بیورو رپورٹ) الخدمت فاو¿نڈیشن پاکستان اور یو سی پی کے اشتراک سے الخدمت چائلڈ پروٹیکشن سینٹرز کے بچوں کیلئے چھ روزہ ”کڈز لٹریسی پروگرام“کا انعقاد کیا گیا جس کا مقصد بچوں کی ذہنی و جسمانی نشوونما، سیکھنے کے عمل اور نصابی و غیر نصابی سرگرمیوں میں انکے رجحان اور لگاوکو فروغ دینا تھا۔

منعقدہ اختتامی تقریب میں الخدمت فاونڈیشن پاکستان کے سیکرٹری جنرل سید وقاص جعفری اور یو سی پی بزنس سکول کے ڈین ڈاکٹر اطہر صدیقی سمیت الخدمت فاونڈیشن کے رضاکاروں اور طلبہ و طالبات نے شرکت کی۔ اس موقع پر سید وقاص جعفری نے کہا کہ الخدمت چائلڈ پروٹیکشن سینٹرز میں 2500 سے زائد اسٹریٹ چائلڈز کو رسمی اور غیر رسمی تعلیم فراہم کرنے میں کوشاں ہے۔ یہ بچے چونکہ ہوش سنبھالتے ہی محنت مزدوری کرتے ہیں اس لیے تھوڑی سی توجہ سے ان بچوں کو تعلیم اور ہنر مند بنا کر کار آمد شہری بنایا جا سکتا ہے۔

ڈاکٹر اطہر صدیقی نے اس موقع پر الخدمت فاونڈیشن کی سٹریٹ چلڈرن کیلئے جاری خدمات کو سراہا اور بتایا کہ یو سی پی نے ان بچوں کیلئے تحریر، آرٹ اینڈ کرافٹ، کمیونی کیشن سکلز جیسے سیشنز کے ذریعے سکھانے کی کوشش کی ہے جبکہ ان بچوں کیلئے سٹیشنری، سکول بیگ، کتابیں اور ریفریشمنٹ کا انتظام بھی کیا گیا۔ تقریب کے اختتام پر رضاکاروں اور منتظمین کو ان کی قابل ستائش کاوشوں کے اعتراف میں سرٹیفکیٹ بھی فراہم کئے گئے۔