پاکستان انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں کرنیوالوں کیخلاف کارروائی کرے،امریکی رکن کانگریس

اسلام آباد،لاہور (بیورورپورٹ،خبر نگار)امریکی کانگریس کے سینئر رکن بریڈ شرمین نے صحافی ارشد شریف اور ظل شاہ کی اموات کی شفاف تحقیقات کا مطالبہ کرتے ہوئے کہاہے امریکہ کو پاکستان میں ہونیوالے دہشتگردی کے واقعات پر تشویش ہے، امریکہ پاکستان میں جمہوریت و جمہوری حقوق کی مکمل حمایت کرتا ہے ،شخصی آزادیوں پر قدغن کسی صورت نہیں ہونی چاہیے،بہت سے معاملات پر عمران خان سے اختلاف رکھتا ہوں، کسی سیاسی جماعت کی حمایت میں دلچسپی نہیں،ان خیالات کااظہار انہوں نے پاکستان میں جمہوری اقدار کی پامالی پر مذمتی ویڈیو بیان میںکیا،بریڈ شرمین نے مزید کہاعمران خان کی تقریر پر پابندیوں و سیاسی سرگرمیاں روکنے پر بھی تشویش ہے،صحافی ارشد شریف اور ظل شاہ پر تشدد و قتل کسی طور بھی جمہوری ممالک کی روایت نہیں ، پاکستانی حکومت انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں کرنے والوں کے خلاف کارروائی کرے، شہریوں کے اظہار و ابلاغ کے حق کا احترام کرے،بریڈ شرمین نے کہا 26 سال سے خارجہ امور کمیٹی میں فرائض سر انجام دے رہا ہوں، پاکستان امریکہ کا دوست و اہم شراکت دار ہے،امریکہ کو دنیا بھر خصوصاً پاکستان میں انسانی حقوق کیساتھ کھڑا ہونا ہے، پاکستان کے اندرونی معاملات میں مداخلت میں قطعاً دلچسپی نہیں،آئین پاکستان کا مکمل احترام کرتے ہیں، انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کیخلاف آواز اٹھانے سے نہیں کترائیں گے،پرامن احتجاج کے حق کو تسلیم کیا جانا بھی لازم ہے، پاکستان میں زیر حراست تشدد کے بڑھتے واقعات پر تشویش ہے، ایمنسٹی انٹرنیشنل کی جانب سے بھی اقدامات کی مذمت کی گئی، حکومت پاکستان انسانی حقوق کی پامالیوں کا نوٹس لیکرذمہ داروں کا تعین کرے ،اس سے قبل امریکی کانگریس کی خارجہ امور کمیٹی کے سینئر رکن بریڈ شرمین سے تحریک انصاف کے چیئرمین، سابق وزیر اعظم عمران خان کی فون پر گفتگو ہوئی ،اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔