جرمن مارکیٹ میں پاکستانی مصنوعات بہت گنجائش ہے: ڈاکٹر فیصل

فرینکفرٹ( نمائندہ مشرق) جرمنی میں تعینات پاکستان کے سفیر ڈاکٹر فیصل نے تھورنگیا کے دورے کے دوران وزیراعظم تھورنگیا مسٹر بوڈو رامیلوسے ملاقات کی اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔ برلن میں پاکستانی سفارتخانے کی جانب سے جاری پریس ریلیز کے مطابق دونوں نے باہمی تجارت کے فروغ اور ہنر مند افرادی قوت کی نقل و حرکت سے متعلق مختلف شعبوں میں ممکنہ تعاون کے پہلوﺅں پر تبادلہ خیال کیا۔
ملاقات پاکستان کے وزیر خارجہ کے گزشتہ سال اکتوبر کے دورہ تھورنگیا اور وزیر اعظم سے ملاقات کے پس منظر میں ہوئی تھی۔سفیر پاکستان نے اس موقع پرکہا کہ ویلیو ایڈڈ زرعی پیداوار جیسے شعبوں کے ذریعے جرمن درآمدات میں پاکستان کا حصہ بڑھانے کی بہت گنجائش ہے۔
سفیر پاکستان نے دورہ کے دوران تھو رنگیا کی وزیر محنت،سماجی امور،صحت، خواتین اور خاندان، محترمہ ہائیکے ویرنر سے ملاقات کی ۔پریس ریلیز کے مطابق وزیر اعظم رامیلو اور محترمہ وزیر کی جانب سے دونوں ممالک کے لوگوں کے درمیان فعال رابطوں کے ذریعے دو طرفہ تعلقات کو تقویت دینے کے اس نظریے کو بہت سراہا اور اپنے ہر ممکنہ تعاون کا یقین دلایا۔