ایرانی جہازوں کو لنگر انداز ہونے کی اجازت کیوں دی؟ اسرائیل کی برازیل پر تنقید
تہران (مشرق نیوز) دو ایرانی جنگی جہازوں کو اپنے ساحلوں پر لنگر انداز ہونے کی اجازت دینے پر اسرائیل نے برازیل کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔ اسرائیلی وزارت خارجہ کے ترجمان لیﺅر ہایات نے برازیلین صدر لوئیز اناسیو لولا دا سلوا کی حکومت پر زور دیا کہ وہ جہازوں کو وہاں سے نکل جانے کا حکم دے۔اسرائیلی وزارت خارجہ کے ترجمان لیﺅر ہایات نے برازیل کی جانب سے دونوں بحری جہازوں کو اپنے ساحلوں میں جانے کی اجازت دینے کو خطرناک اور بدقسمت پیش رفت قرار دیا ۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ ایرانی بحریہ پابندی زدہ تنظیموں کے ساتھ تعاون کر رہی ہے۔ لیﺅر ہایات نے ایک ٹویٹ میں لکھا کہ ابھی زیادہ دیر نہیں ہوئی کہ دو ایرانی جہازوں کو بندرگاہ سے نکلنے کا حکم دےدیا جائے۔ 15فروری کو برازیل میں امریکی سفیر نے حکام پر زور دیا کہ وہ ایرانی بحری جہازوں کو ساحل پر جانے کی اجازت نہ دیں۔برازیل کے ایک سرکاری اخبار میں 23فروری کو ایک نوٹس میں کہا گیا تھا کہ دونوں بحری جنگی جہازوں کو 26فروری اور 4 مارچ کے درمیان پورٹ میں جانے کی اجازت دی گئی تھی۔ جب برازیل کے حکام نے گزشتہ جنوری میں بحری جہازوں کو ساحل پر آنے کی اجازت دینے سے انکار کردیا تھا۔

















