اسلام آباد(بیورورپورٹ)اسلام آباد ہائیکورٹ نے ٹیریان وائٹ کیس میں تمام ریفرنسز ریکارڈ پر لانے کا حکم دے دیا،چیف جسٹس عامرفاروق کی سربراہی میں اسلام آباد ہائیکورٹ کے لارجر بنچ نے عمران نااہلی کیس پرسماعت کی،درخواست گزار نے کہا عمران خان نے بیٹی ٹیریان وائٹ کو کاغذات نامزدگی میں ظاہر نہیں کیا،نااہل کیا جائے،عمران کے وکیل سلمان اکرم راجہ نے کہا 2مرتبہ الیکشن کمیشن معاملے کا فیصلہ کر چکا ۔
عدالت نے استفسار کیا اگر عمران خان ممبر قومی اسمبلی نہیں تو پھر کیا صورت حال بنے گی؟ مدعی کے وکیل اور سابق جسٹس حامد علی شاہ نے کہا عمران خان ابھی بھی ممبر قومی اسمبلی ہیں،عدالت نے کہاکیا آپ نے دیکھا لاہور ہائیکورٹ نے ابھی فیصلہ دیا الیکشن کمیشن نا اہل نہیں کر سکتا؟، اہلیت دیکھنے کا اختیار ہائیکورٹس و عدالتوں کا ہے،چیف جسٹس ہائی کورٹ نے کہا حبیب اکرم کیس میں سپریم کورٹ نے بیان حلفی کاغذات کا حصہ بنایا۔
الیکشن ایکٹ کے مطابق زیر کفالت بچوں کی تفصیلات بتانا لازم تھیں مگر بچوں کی تفصیلات بتانا تو لازم نہیں ہیں نا؟وکیل الیکشن کمیشن نے کہا تفصیلات لازم نہیں مگر اثاثوں کی فہرست میں بچوں کے اثاثوں کی تفصیلات بتانی ہیں اس اعتبار سے بالواسطہ طور پر بچوں کی تفصیلات لازم ہیں،چیف جسٹس نے پوچھا اگر تفصیلات غلط جمع کرائی گئی ہوں تو الیکشن ایکٹ کیا کہتا ہے؟ وکیل الیکشن کمیشن نے جواب دیا اگر تفصیلات غلط ہوں تو کرپٹ پریکٹس میں آئے گا،چیف جسٹس نے کہا غلط تفصیلات پر الیکشن کمیشن نے 120دن کے اندر ایکشن لینا ہوتا ہے اگر الیکشن کمیشن نے ایکشن نہیں لیا تو پھر بس نہیں لیا،عدالت نے سماعت آئندہ بدھ تک ملتوی کردی۔
ٹیریان مقدمے میں تمام ریفرنسز ریکارڈ پر لایاجائے،ہائیکورٹ
















