کہیں نہیں لکھا انتخابات کی تاریخ ای سی پی دیگا،بغیر دبائو کے فیصلے کرتے رہیں گے،الیکشن کمیشن
اسلام آباد(بیورورپورٹ) صدر مملکت کی جانب سے انتخابات کی تاریخ کے اعلان پر الیکشن کمیشن کامشاورتی اجلاس بے نتیجہ،اٹارنی جنرل وآئینی ماہرین کو کل مشاورت کیلئے بلالیا جبکہ کمیشن نے اعلامیہ جاری کرتے ہوئے کہا کہیں نہیں لکھا ای سی پی انتخابات کی تاریخ دیگا،بغیر دبائو کے فیصلے کرتے رہیں گے،تفصیلات کے مطابق صدر مملکت کی جانب سے پنجاب،کے پی میں انتخابات کی تاریخ کے اعلان پر چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کی سربراہی میں اہم مشاورتی اجلاس ہوا، اجلاس میں ممبران الیکشن کمیشن، سیکرٹری الیکشن کمیشن اور لاء ونگ کے نمائندوں نے شرکت کی،اجلاس کے بعد جاری کیے گئے اعلامیے میں کہا گیافیصلہ کیا گیاالیکشن کمیشن آئین وقانون کے مطابق بغیرکسی دباؤ کے فیصلے کرتا رہیگا، الیکشن کمیشن ہر وقت آئین وقانون کے تحت 90 دن میں الیکشن کرانے کیلئے تیار رہتا ہے،آئین وقانون میں کہیں بھی نہیں لکھا الیکشن کی تاریخ الیکشن کمیشن دیگا، مجاز اتھارٹی کے تاریخ مقرر کرنے کے بعدکمیشن شیڈول دے کر انتخابات کرانے کا پابند ہے،اعلامیے کے مطابق صدر کی طرف سے تاریخ مقررکرنے کے بعد اجلاس میں غور کیا گیا، مزید رہنمائی کیلئے اٹارنی جنرل و دیگر قانونی ماہرین کل بلا لیا،مشاورت کے بعد کوئی فیصلہ کریں گے۔

















