اسلام آباد:(لیڈر ڈیسک)سینیٹ میں قائد ایوان شہزاد وسیم نے کہا ہے کہ مسئلہ کشمیر کا حل کشمیریوں کی امنگوں کے بغیرممکن نہیں‘کشمیر پاکستان کی جان ہے، اس سے محبت، انسانیت اور بھائی چارے کا رشتہ ہے۔سینیٹ میں قائد ایوان شہزاد وسیم نے کہا کہ کشمیر پر بھارتی قبضہ اس وقت سے جاری ہے جب سے پہلی بھارتی فوجی نے کشمیر میں قدم رکھا، آج کشمیر دنیا کی سب سے بڑی جیل بن چکا ہے، وعدہ کیا گیا تھا کہ کشمیریوں کی شناخت ہوگی۔ لارڈ ماؤنٹ بیٹن کے خطوط ہیں کہ ریفرنڈم ہوگا اور کشمیریوں سے مشاورت کی جائے گی، مودی کے آنے کے بعد کشمیر میں نئی صورتحال پیدا ہوگئی ہے، ہندوتوا کے فلسفے کے تحت کشمیر میں غیر قانونی طور پر ڈومیسائل جاری کیے جارہے ہیں۔شہزاد وسیم نے کہا کہ پوری کشمیری قیادت کو زنجیروں میں جکڑ دیا گیا، آسیہ اندرابی سے لے کر یاسین ملک تک زنجیروں میں جکڑا گیا، بھارتی فوجی بھی سید علی گیلانی کی لاش سے ڈرتے رہے، مودی کو دیا گیا پیغام سب کے سامنے ہے۔
مسئلہ کشمیر کا حل کشمیریوں کی امنگوں کے بغیرممکن نہیں‘ شہزاد وسیم
















