جہانگیر ترین‘ ان کے بیٹے کی عبوری ضمانت میں 3 مئی تک توسیع

لاہور:رہنماءپی ٹی آئی جہانگیر ترین اور ان کے بیٹے کی عبوری ضمانت میں 3 مئی تک توسیع کردی گئی۔رہنماءتحریک انصاف کے وکیل نے کہا کہ جہانگیر ترین اور علی ترین سے تفتیش کی جارہی ہے ، ہم تحقیقات میں مکمل تعاون کر رہے ہیں اور منی لانڈرنگ کے الزامات میں ثبوت دے رہے ہیں۔وکیل کا مزید کہنا تھا کہ دونوں ہی مقدمات تمام الزامات کا ریکارڈ فراہم کررہے ہیں اور امید ہے کہ جو الزامات لگائے گئے ہیںان میں سرخروہوں گے۔دوسری جانب ایف آئی اے کے تفتیشی افسر نے کہا کہ وہ تمام الزامات کی تحقیقات کر رہے ہیں ، ملزم کا نامکمل ریکارڈ عدالت کے کمرے میں موجود ہے۔عدالت نے ایف آئی اے ریکارڈوں کا جائزہ لیا اور فائل کو دوبارہ تفتیشی کے حوالے کیا اور کہا کہ انکوائری کی مکمل رپورٹ کہاں ہے؟ اسے بھی پیش کرنا چاہئے۔تفتیشی افسر نے جواب دیا کہ انکوائری رپورٹ خفیہ ہے ، جس پر اعلی جج نے حکم دیا کہ اگلی سماعت پر انکوائری رپورٹ عدالت میں پیش کی جائے۔عدالت نے ایف آئی اے کے تفتیشی افسر سے انکوائری رپورٹ طلب کرتے ہوئے جہانگیر ترین اور علی ترین کی عبوری ضمانت میں 3 مئی تک توسیع کردی۔