انتشار پسند عناصر تحریک آزادی کشمیر کو نقصان پہنچا رہے ہیں،افتخار گیلانی


مظفرآباد: (بیورورپورٹ) وزیراعظم آزاد کشمیر افتخار گیلانی نے کہا ہے انتشار پسند عناصر تحریک آزادی کشمیر کو نقصان پہنچا رہے ہیں۔

وادی لیپہ میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے افتخار گیلانی نے کہا ریاست میں امن و استحکام کےلئے صفوں میں موجود انتشار پسند عناصر کی نشاندہی کرکے حوصلہ شکنی کرنا ہوگی، مطالبات اپنی جگہ لیکن اختیار کیا گیا طریقہ کار قابل قبول نہیں، ایسی گفتگو ،طرز عمل سے گریز کرنا چاہیے جس سے انتشار کو ہوا ملے،ایل او سی پر بسنے والے عوام کے عزم، ہمت،جذبے کو سلام پیش کرتے ہیں، بھارتی فوج بھی حوصلے پست نہیں کرسکی۔

افتخار گیلانی نے کہا نواز شریف نے وادی لیپہ کے عوام کو سلام پیش کیا، ایل او سی پر دفاع وطن کےلئے موجود افواج پاکستان کے جوانوں کو بھی سلام پیش کرتے ہیں،وادی لیپہ کی سیاحتی ترقی کےلئے کنسلٹنٹ ہائر کرکے جامع منصوبہ بندی کی جائےگی، لوگ وادی کی خوبصورتی دیکھنا چاہتے ہیں، سیاحت کے فروغ کےلئے قابل عمل منصوبے متعارف کرائیں گے تاکہ مقامی افراد باعزت روزگار حاصل کرسکیں

وزیراعظم آزاد کشمیر نے کہابیس کیمپ حکومت کا مقصد اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق کشمیریوں کے حق خودارادیت کا حصول ہے، کشمیریوں نے استصواب رائے کے ذریعے اپنے مستقبل کا فیصلہ کرنا ہے اور پاکستان کے حق میں ووٹ دےکر پاکستان کی تکمیل کریں گے،حکومت کو کچھ وقت دیں، ریاست میں واضح تبدیلی نظر آئے گی۔