دنیا کو تباہی سے بچانے پر پاکستان کا نام سنہری حروف سے لکھا جائیگا: مریم نواز

لاہور (مشرق نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے ایران اور امریکہ ممکنہ جنگ بندی کی کوششوں پر وزیراعظم اور فیلڈ مارشل کو زبردست خراج تحسین پیش کیا ہے۔ اپنے بیان میں انہوں نے وزیراعظم اور فیلڈ مارشل عاصم منیر کی کاوشوں کو بھی سراہتے ہوئے کہا کہ ان کی قیادت میں پاکستان نے عالمی اور علاقائی سطح پر سفارتی توازن کا شاندار مظاہرہ کیا، وزیراعظم اور عسکری قیادت کی مشترکہ کوششوں سے دنیا ایک بڑی تباہی سے بچ گئی، پاکستان نے خطے میں امن کے قیام کیلئے اہم اور موثر کردار ادا کیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ تاریخ میں جب بھی اس کشیدگی کا ذکر ہوگا، پاکستان کا نام نمایاں طور پر لکھا جائیگا، دنیا کو جنگ سے بچانے میں پاکستان کی کامیابی سنہری حروف سے لکھی جائیگی اور یہ ایک تاریخی لمحہ بن چکا ہے۔ مریم نواز نے کہا کہ خطے میں امن کیلئے پاکستان کا کردار عالمی سطح پر تسلیم کیا جانا ایک بڑا اعزاز ہے، پاکستان نے عالمی سیاست میں غیر معمولی سفارتی حکمت عملی سے سب کو حیران کر دیا۔

وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ مستقبل میں بھی پاکستان امن معاہدوں کیلئے مذاکرات میں کامیابی حاصل کریگا اور دنیا کے قدیم تہذیبی ورثے کے تحفظ میں اپنا کردار ادا کرتا رہیگا۔