بسوں، ویگنوں میں اوورچارجنگ پر سخت کارروائی کی جائے گی: کمشنر ساہیوال

ساہیوال (بےورو رپورٹ) کمشنر ساہیوال ڈویژن ڈاکٹر آصف طفیل کا ایسٹر کے موقع پر سکیورٹی اور ٹرانسپورٹ انتظامات کا جائزہ۔ آر پی او ایاز سلیم، ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) سمیع اللہ فاروق اور ڈی پی او عثمان ٹیپو بھی ان کے ہمراہ تھے۔ دورے کا مقصد مسیحی برادری کے مذہبی تہوار ایسٹر کے موقع پر سکیورٹی اور دیگر انتظامات کا جائزہ لینا تھا۔کمشنر نے مختلف چرچز میں جا کر مسیحی بھائیوں سے ملاقات کی اور انہیں ایسٹر کی مبارکباد دی۔ انہوں نے سکیورٹی انتظامات، صفائی ستھرائی اور دیگر سہولیات کا تفصیلی معائنہ کیا اور مجموعی انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا۔ اس موقع پر انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ مسیحی برادری کو ہر ممکن سہولت فراہم کی جائے اور سکیورٹی کے فول پروف انتظامات یقینی بنائے جائیں۔بعد ازاں کمشنر نے جنرل بس سٹینڈ اور مختلف لاری اڈوں کا بھی دورہ کیا جہاں انہوں نے مسافروں، ڈرائیوروں اور اڈا مالکان سے موجودہ کرایوں کے حوالے سے دریافت کیا۔ انہوں نے واضح کیا کہ اگرچہ پٹرول کی فراہمی عالمی سطح پر ایک مسئلہ ہے، تاہم کسی بھی صورت مقررہ کرایوں سے زائد وصولی برداشت نہیں کی جائے گی۔کمشنر ڈاکٹر آصف طفیل نے خبردار کیا کہ اوورچارجنگ میں ملوث افراد کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ انہوں نے ٹرانسپورٹ حکام کو ہدایت کی کہ کرایہ ناموں پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنایا جائے تاکہ عوام کو ریلیف فراہم کیا جا سکے۔