لاہور(خبر نگار)بلدیہ عظمیٰ لاہور نے شہر میں غیر قانونی تعمیرات کیخلاف کارروائیوں کا دائرہ وسیع کرتے ہوئے داتا گنج بخش زون کی انتظامیہ کو مبینہ سہولت کاری کا ذمہ دار قرار دیدیا ہے جبکہ پانچ غیرقانونی عمارتوں کو مسمار کرنے کے احکامات پر عملدرآمد بھی شروع کر دیا گیا ہے۔ ایڈمنسٹریٹر بلدیہ عظمیٰ لاہور کی ہدایت پر میٹروپولیٹن آفیسر (پلاننگ) ڈاکٹر رائے امتیاز حسن کی نگرانی میں ہال روڈ، برانڈرتھ روڈ اور گوالمنڈی کے علاقوں میں مسماری آپریشن کیا گیا جس کے دوران پانچ غیر قانونی تعمیرات کے خلاف عملی کارروائی کرتے ہوئے انہیں مسمار کرنے کا عمل شروع کیا گیا۔ ذرائع کے مطابق اس کارروائی کے دوران بھاری مشینری کا استعمال کیا گیا جبکہ انفورسمنٹ عملہ بھی موقع پر موجود رہا تاکہ کسی بھی مزاحمت یا رکاوٹ سے نمٹا جا سکے۔ آپریشن کے دوران غیر قانونی طور پر قائم کئے گئے ڈھانچوں کو نشانہ بنایا گیا جو بغیر منظوری تعمیر کئے گئے تھے۔ میٹروپولیٹن آفیسر پلاننگ ڈاکٹر رائے امتیاز حسن نے واضح کیا کہ داتا گنج بخش زون کی حدود میں غیر قانونی تعمیرات کے خلاف فالو اپ آپریشن آج بھی جاری رہے گا اور اس حوالے سے کسی قسم کی نرمی نہیں برتی جائیگی۔ ان کا کہنا تھا کہ شہر کے تمام زونز میں بلا تفریق ڈیمولیشن آپریشن کیا جائے گا تاکہ غیر قانونی تعمیرات کے رجحان کا مکمل خاتمہ ممکن بنایا جا سکے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ایڈمنسٹریٹر کی جانب سے واضح ہدایات جاری کی گئی ہیں کہ ناجائز تعمیرات کو کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا اور جب تک ان عمارتوں کو قانونی تقاضوں کے مطابق نہیں لایا جاتا، ان کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی۔ ڈاکٹر رائے امتیاز حسن کے مطابق غیر قانونی تعمیرات نہ صرف شہری منصوبہ بندی کو متاثر کر رہی ہیں بلکہ اس کے باعث بلدیہ عظمیٰ لاہور کے خزانے کو بھی ہر ماہ کروڑوں روپے کا نقصان برداشت کرنا پڑ رہا ہے جس کے تدارک کیلئے سخت اقدامات ناگزیر ہو چکے ہیں۔ انتظامیہ کی جانب سے جاری اس کریک ڈاو¿ن کو شہر میں غیر قانونی تعمیرات کیخلاف ایک اہم پیشرفت قرار دیا جا رہا ہے جبکہ آئندہ دنوں میں اس دائرہ کار کو مزید وسیع کرنے کا عندیہ بھی دیا گیا ہے۔
بلدیہ عظمیٰ نے داتا گنج بخش زون کو ملوث مافیا کا سہولت کار قرار دیدیا

















