لاہور ( اپنے رپورٹر سے) لیسکو نے بجلی کے نظام کو جدید خطوط پر استوار کرنے اور صارفین کو بہتر اور شفاف سہولیات فراہم کرنے کیلئے ایڈوانسڈ میٹرنگ انفراسٹرکچر سمارٹ میٹرز کے نفاذ کے حوالے سے اہم پیشرفت کی ہے۔ اس ضمن میں واضح کیا جاتا ہے کہ مالی سال 2024-25ءکے دوران سنگل فیز اسٹیٹک میٹرز کی خریداری تقریباً 4,500 روپے فی میٹر کے حساب سے کی جا رہی تھی۔جدید ٹیکنالوجی کے فروغ کے پیش نظر روایتی اسٹیٹک میٹرز کی جگہ سنگل فیز AMI سمارٹ میٹرز متعارف کروائے جا رہے ہیں، جن کی فی یونٹ لاگت 11,665 روپے مقرر کی گئی ہے۔ اس تبدیلی کے باعث دونوں اقسام کے میٹرز کی قیمتوں کا براہ راست موازنہ کرنا مناسب نہیں کیونکہ دونوں کی نوعیت اور ٹیکنالوجی میں واضح فرق موجود ہے۔ جبکہ اس سے پہلے صارفین نجی سطح پر AMI سمارٹ میٹرز 20 ہزار روپے سے زائد قیمت پر حاصل کر رہے تھے۔ لیسکو نے شفاف اور مسابقتی ٹینڈرنگ کے عمل کے ذریعے اس لاگت کو نمایاں طور پر کم کر کے 11,665 روپے فی میٹر تک لانے میں کامیابی حاصل کی ہے جو کہ صارفین کے مفاد میں ایک اہم اقدام ہے۔لیسکو کی جانب سے فراہم کردہ اس سہولت میں میٹر کی بنیادی لاگت 11,665 روپے کے ساتھ سروس کیبل کی لمبائی 10 میٹر تک شامل ہوگی۔ اس پیکیج کی مجموعی لاگت تقریباً 17,700 روپے تک ہوگی تاہم ایسے کیس جہاں سروس کیبل کی لمبائی 10 میٹر سے زیادہ درکار ہو، وہاں اضافی لاگت متعلقہ صارفین سے اصل اخراجات کے مطابق وصول کی جائے گی۔چیف ایگزیکٹو لیسکو انجینئر رمضان بٹ کا کہنا ہے کہ لیسکو کا یہ اقدام نہ صرف جدید ٹیکنالوجی کے فروغ کی جانب ایک اہم قدم ہے بلکہ اس سے بجلی کے نظام میں شفافیت، درست بلنگ، لائن لاسز میں کمی اور صارفین کو بہتر سروس کی فراہمی بھی یقینی بنائی جا سکے گی۔
لیسکو کا اے ایم آئی سمارٹ میٹرز کے فروغ کا فیصلہ

















