امید ہے آئینی عدالت لاپتہ افراد کو بازیاب کرالے گی، جسٹس محسن اختر کیانی


اسلام آباد :(بیورورپورٹ)جسٹس محسن اختر کیانی نے ریمارکس دئیے ہیں امید ہے آئینی عدالت لاپتہ افراد کو بازیاب کرالے گی۔

اسلام آباد ہائیکورٹ میں لاپتہ عمر عبداللہ کی بازیابی فیصلے پر عملدرآمد کیلئے اہلیہ کی درخواست پر سماعت جسٹس محسن اختر کیانی نے کی،ایڈیشنل اٹارنی جنرل راشد حفیظ نے کہا وفاقی آئینی عدالت نے حکم امتناع جاری کر دیا۔

جسٹس محسن اختر کیانی نے ریمارکس دئیے امید ہے وفاقی آئینی عدالت لاپتہ افراد کو بازیاب کرا لے گی، وفاقی آئینی عدالت کے مطابق ہائیکورٹ کا فیصلہ اور ڈویژن بنچ کا آرڈر غلط قرار دیا گیا پھر پاکستان میں مسنگ پرسنز بازیاب نہیں ہو سکتے، عدالت کی کارروائی معطل ہو چکی ہے، درخواست گزار کو وفاقی آئینی عدالت سے رجوع کرنا ہوگا، عدالت نے ریمارکس دئیے وفاقی آئینی عدالت کے مطابق مسنگ پرسنز کی بازیابی ہائیکورٹ کا اختیار نہیں، اب وفاقی آئینی عدالت ہی معاملے کو دیکھے گی ،ہائیکورٹ کو اس کے خیالات کا احترام کرنا ہوگا۔

سماعت کے دوران جسٹس محسن اختر کیانی نے سینئر صحافی حامد میر کے آرٹیکل”بڈھے بلوچ کی نصیحت“ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا تاریخ میں ایسے واقعات موجود ہیں جہاں لاپتہ افراد کے اہلخانہ کو برسوں انتظار کرنا پڑا، جس کی موت ہو جائے صبر آ جاتا ہے مگر لاپتہ ہونے کی صورت میں خاندان عمر بھر انتظار میں رہتا ہے، عدالت نے ریمارکس دئیے عدالتیں ہی آخری امید ہوتی ہیں، دس سال گزرنے کے باوجود اگر ریاستی ادارے معلومات نہ دے سکیں تو مسئلہ سنگین ہو جاتا ہے۔

جسٹس محسن اختر کیانی نے کہا سرکاری وکلا کیلئے بھی مسنگ پرسنز کے مقدمات کا دفاع مشکل ہوتا ہے اگر کوئی دہشت گرد ہے تو قانون کے مطابق کارروائی کی جائے مگر افراد کو برسوں لاپتہ رکھنا مسئلے کا حل نہیں، شاید اس حوالے سے لکھے گئے مضامین پڑھ کر کچھ بات سمجھ آ جائے۔