پی ایچ اے زون ٹو میں ایک اور کرپشن سکینڈل، درجنوں ملازمین کی گھر بیٹھے تنخواہ وصولی

لاہور (قمر عباس نقوی) سرکاری اداروں میں شفافیت اور احتساب کے دعووں کے برعکس پارکس اینڈ ہارٹیکلچر اتھارٹی کے زون ٹو میں مبینہ طور پر بدانتظامی اور کرپشن کا ایک اور سنگین سکینڈل سامنے آگیا ہے۔پی ایچ اے لاہور زون نمبر 2 مبینہ طور پر درجنوں ملازمین گھر بیٹھ کر تنخواہیں وصول کر رہے ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ زون ٹو کے ڈپٹی ڈائریکٹر اور سپر وائزر محمد شاہ کی مبینہ سرپرستی میں ”کھاتہ ملازمین“ کی پرانی پالیسی دوبارہ شروع کر دی گئی ہے مبینہ طور پر 20 سے زائد ملازمین ڈیوٹی پر حاضر نہیں ہوتے بلکہ صرف بائیو میٹرک حاضری لگانے کیلئے آتے ہیں اور اس کے بعد غائب ہوجاتے ہیں جبکہ باقی وقت وہ اپنے ذاتی کاروبار یا دیگر جگہوں پر کام کرنے کا انکشاف کیا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق یہ ملازمین زون ٹو کے مختلف علاقوں تاج پورہ، شاد باغ، گول باغ، چائنا اسکیم اور سنگھ پورہ سمیت دیگر علاقوں میں بطور مالی تعینات ہیں اور ان کی نگرانی سپر وائزر محمد شاہ کے پاس ہے مبینہ طور پر مدثر، بابر علی، خلیل احمد، آصف جاوید، اسد علی، شہزاد علی، کاشف علی، اویس، شعیب، علی رضا مقصود، عابد شاہ، احمد، عثمان صدیقی، محمد اویس، محمد شعیب ولد محمد ذوالفقار، علی رضا ولد رمضان، رضوان سمیت دیگر ملازمین ڈیوٹی پر باقاعدگی سے حاضر نہیں ہوتے ذرائع نے مزید انکشاف کیا ہے کہ ان ملازمین سے ہر ماہ تقریباً مبینہ طور پر 25 ہزار روپے فی کس وصول کیے جاتے ہیںجو کہ تنخواہ اکاونٹس میں منتقل ہونے کے بعد سپر وائزر محمد شاہ خود ملازمین کے ساتھ بینک جا کر رقم نکلوا کر مبینہ طور پر اپنی “حصہ داری” وصول کرتے ہیں۔ اس طرح ماہانہ بنیادوں پر تقریباً 5 لاکھ روپے کی مبینہ وصولی کی جارہی ہے یاد رہے کہ ڈی جی پی ایچ اے راجہ منصور کی جانب سے واضح ہدایات جاری کی گئی تھیں کہ فیلڈ سمیت تمام ملازمین بائیو میٹرک سسٹم کے ذریعے باقاعدہ حاضری یقینی بنائیں گے اور غیر حاضری برداشت نہیں کی جائیگی تاہم ذرائع کے مطابق زون ٹو کی انتظامیہ نے ان احکامات کو بھی ہوا میں اڑا دیا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ اگر ان ملازمین کی ڈیوٹی کے اوقات میں اچانک چیکنگ کی جائے تو حقیقت کھل کر سامنے آسکتی ہے کیونکہ مبینہ طور پر اکثر ملازمین ڈیوٹی کے دوران فیلڈ میں موجود ہی نہیں ہوتے۔ پی ایچ اے لاہور ترجمان کا کہنا ہے کہ آپ نام سینڈ کریں اس کے مطابق ہی چیک کیا جا سکتا ہے اور اس کو راز داری سے چیک کریں گے، ناموں کے بغیر تفصیلات دینا ممکن نہیں ہے۔