پی ایچ اے ، زون ون ملازم کی غیرقانونی تعیناتی، ادارے کو مالی نقصان

لاہور(اپنے نمائندے سے)پی ایچ اے زون نمبر 2میں ڈائریکٹر کا غیر قانونی اقدام،ملی بھگت سے زون نمبر 1کے ملازم کو غیر قانونی تعیناتی، تنخواہوں کی ادائیگی کا سلسلہ جاری، مشینری ، گاڑیوں ، ڈیزل اور پٹرول کی نگرانی ڈرائیور کے سپرد کرنیکا بھی انکشاف۔ ایم ڈی پی ایچ اے کے ادارے کو غیر قانونی اقدامات سے پاک اور کرپشن فری بنانے کے اقدامات کو ناکام بنانے کیلئے زون نمبر 2ڈائریکٹوریٹ انتظامیہ کی طرف سے غیرقانونی سرگرمیاں جاری ہیں۔ زون نمبر 2کے ڈائریکٹر ماضی میں زون نمبر 1 میں ڈائریکٹر ہارٹیکلچر کی ذمہ داری سرانجام دے رہے تھے۔ محکمانہ طور پر ٹرانسفر زون نمبر 2میں ہونے کے ساتھ ہی زون نمبر 1سے ملازم ڈرائیور ریاست کو ساتھ ہی زون نمبر 2میں مبینہ طور پر بغیر کسی محکمانہ ٹرانسفر کیساتھ ہی لے آئے اور زون 2میں بطور ڈرائیور کام لینے کے ساتھ مبینہ طور پر زون کی گاڑیوں اور وہیکل کو جاری کیا جانے والا ڈیزل اور پٹرول کا انچارج بھی مقرر کردیا جو کہ غیر قانونی اقدام ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ زون ڈائریکٹر کی جانب سے مبینہ طور پر ڈرائیور ریاست جو کہ تاحال زون 1کا ملازم ہے، اسے زون 2میں تعینات رکھتے ہوئے تنخواہ مبینہ طور پر زون نمبر 1انتظامیہ کی جانب سے گزشتہ کئی ماہ سے ادا کی جارہی ہے جس سے ایجنسی کو مالی نقصان پہنچایا جا رہا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ سرکاری دفاترز میں پرائیویٹ پارکنگ اور ڈیزل و پٹرول میں خوربرد بھی کیا جا رہا ہے اور ڈرائیور جو کہ مبینہ طور پر ڈائریکٹر زون نمبر 2کا ذاتی ملازم ہے، اسلئے اسے آشیر باد حاصل ہے۔ ڈائریکٹر زون نمبر 2شاہنواز وٹو اور ڈائریکٹر زون نمبر 1غلام مصطفی شاد سے ڈرائیور کی غیر قانونی تعیناتی اور زون 1میں گزشتہ کئی ماہ سے غیر حاضری کے باوجود تنخواہوں کی ادائیگی پر رابطہ کیا گیا تو انہوں نے کوئی موقف نہیں دیا۔ ترجمان پی ایچ اے لاہور وقار نقوی نے زون نمبر 1کے ڈرائیور کا غیر قانونی طریقے سے زون نمبر 2میں ڈائریکٹر کی خواہش پر کام کرنے کے غیر قانونی اقدام پر موقف دیتے ہوئے غیر قانونی عمل کو قانونی قرار دیتے ہوئے کہا کہ کام تو وہ شہر میں ہی کر رہا ہے، وہ بیشک ملازم کسی بھی زون کا ہو، ایڈمنسٹریٹری بنیاد پر ایسا ہو سکتا ہے۔