سندھ میں بڑی تبدیلی،نہال ہاشمی نئے گورنر تعینات ،ایم کیو ایم ناراض

اسلام آباد:(بیورورپورٹ)سندھ میں بڑی تبدیلی،نہال ہاشمی نئے گورنر تعینات ،صدر مملکت کی منظوری،ایم کیو ایم ناراض،حکومت سے علیحدگی کی دھمکی دےدی۔

صدرآصف زرداری نے وزیر اعظم کی ایڈوائس پر نہال ہاشمی کی بطور گورنر تقرری کی منظوری دی اور نہال ہاشمی کو گورنر سندھ تعینات ہونے پر مبارکباد دیتے ہوئے نیک تمناوں کا اظہار کیا۔

قبل ازیں وزیراعظم سے نہال ہاشمی نے ملاقات کی،شہباز شریف نے گورنر سندھ کی تعیناتی پر مبارکباد دی ، مشیر وزیر اعظم رانا ثنا، نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار و دیگر بھی موجود تھے۔

ادھر نامزد گورنر سندھ نہال ہاشمی نے کہا پارٹی قائد نواز شریف اور وزیراعظم شہباز شریف کامشکور ہوں، کراچی سمیت سندھ بھر میں عوامی مسائل کے حل کےلئے کام کریں گے، سب کو ساتھ لےکر چلوں گا، وفاق ، سندھ حکومت کے درمیان ورکنگ ریلیشن شپ کی مزید مضبوطی ترجیح ہوگی،سب سے رابطے میں رہوں گا۔

دوسری جانب ترجمان ایم کیو ایم پاکستان نے کہا وفاقی حکومت نے گورنر سندھ کی تبدیلی پر اعتماد میں نہیں لیا،گورنر سندھ کی تبدیلی کا علم ذرائع ابلاغ سے ہوا،فیصلے پر جلد اپنالائحہ عمل طے کرینگے۔

ایم کیو ایم رہنما فاروق ستار نے کہا بار بار بتایا گیا گورنر کامران ٹیسوری ہی ہوں گے، گورنر سندھ کی تبدیلی کے یکطرفہ فیصلے کے بعد حکومت میں رہنے کا جواز نہیں،ایم کیو ایم پاکستان مسلم لیگ ن کی حلیف جماعت اور گورنری کا آئینی عہدہ ایم کیو ایم کا حق ہے جس سے محروم کیا جا رہا ہے، روایت رہی سندھ کا گورنر ایم کیو ایم پاکستان سے ہوتا ہے، پارٹی کو ایسے یکطرفہ فیصلے کے بعد وفاقی حکومت میں رہنے کا کوئی جواز نہیں، فی الفور وفاقی حکومت سے باہر آجانا چاہیے۔

فاروق ستار نے مزید کہا ن لیگ سے معاہدہ ہے، پیپلزپارٹی سے نہیں، ن لیگ سمجھتی ہے پیپلز پارٹی عزیز ہے تو رکھیں، معرکہ حق کے بعد معرکہ معیشت میں کامران ٹیسوری کا کردار تھا، بالا ہی بالا فیصلہ ہو رہا ہے، ہمیں اپنی ساکھ برقرار رکھنے کیلئے یہ ریڈ لائن ہونا چاہیے۔

علاوہ ازیں پارلیمنٹ میں قانون سازی پر اعتماد میں نہ لینے پر ایم کیو ایم حکومت سے ناراض ہو گئی ، حکومتی ارکان طارق فضل چودھری، طلال چودھری اور گل اصغر کی ایم کیو ایم کو منانے کی کوشش جاری ہے، ایم کیوایم کا موقف ہے قانون سازی کے حوالے سے اعتماد میں کیوں نہیں لیا جاتا ؟ حکومتی وزراءنے کہا آپ کے تحفظات دور کیے جائیں گے آئندہ شکایت نہیں ہوگی، حکومتی وزرا نے مشکل سے ایم کیو ایم کو اجلاس میں شرکت پر آمادہ کیا تو اجلاس موخر ہوگیا۔