لاہور (خبر نگار) پنجاب بھر میں صفائی کے نظام کو نئے انتظامی ڈھانچے کے تحت چلانے کیلئے قائم کی گئی ستھرا پنجاب اتھارٹی کے زیر اثر 41 اضلاع میں ستھرا پنجاب ایجنسیاں قائم کرنے کا عمل بدستور سست روی کا شکار ہے۔ صوبائی حکومت کی جانب سے اس منصوبے کو جلد فعال کرنے کے دعووں کے باوجود عملی صورتحال یہ ہے کہ بیشتر اضلاع میں ایجنسیوں کے قیام کے بنیادی مراحل ہی مکمل نہیں ہو سکے۔ حکومت نے صوبے کے مختلف شہروں میں صفائی کے نظام کو یکساں اور مربوط بنانے کیلئے موجودہ ویسٹ مینجمنٹ ڈھانچے کو تبدیل کرتے ہوئے ضلعی سطح پر نئی ایجنسیاں قائم کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔ اس منصوبے کے تحت پرانے بلدیاتی صفائی نظام، ویسٹ مینجمنٹ کمپنیوں کی مشینری، گاڑیوں اور دیگر وسائل کو نئے انتظامی ڈھانچے میں منتقل کیا جانا تھا تاکہ صفائی کے امور ایک ہی اتھارٹی کے تحت چلائے جا سکیں، تاہم یہ عمل تاحال مکمل نہیں ہو سکا۔ ذرائع کے مطابق ایجنسیوں کے قیام میں سب سے بڑی رکاوٹ اثاثوں کی منتقلی کا معاملہ ہے۔ مختلف اضلاع میں صفائی کے نظام سے متعلق گاڑیاں، مشینری، دفاتر اور دیگر وسائل ابھی تک نئے انتظامی ڈھانچے کے حوالے نہیں کیے جا سکے۔ اسی طرح سٹاف کی دستیابی اور تعیناتی کا مسئلہ بھی حل طلب ہے کیونکہ نئے نظام کے تحت فیلڈ سٹاف، انسپکٹرز اور دیگر انتظامی عملے کی تعیناتی ضروری ہے جو بیشتر اضلاع میں ابھی تک مکمل نہیں ہو سکی۔ اس کے علاوہ ایجنسیوں کے قیام کیلئے دفاتر کی فراہمی، انتظامی اختیارات کی وضاحت، آپریشنل ڈھانچے کی تشکیل اور مالی امور کی تکمیل جیسے بنیادی مراحل بھی ابھی ادھورے ہیں۔ متعدد اضلاع میں یہ معاملہ بھی واضح نہیں ہو سکا کہ صفائی کے موجودہ عملے اور مشینری کو کس طریقہ کار کے تحت نئے نظام میں منتقل کیا جائیگا جس کے باعث منصوبے پر پیشرفت انتہائی سست ہے۔ حیران کن امر یہ ہے کہ ان بنیادی امور کی تکمیل سے قبل ہی اتھارٹی کی جانب سے یکم فروری سے ایجنسیاں فعال کرنے کی ڈیڈ لائن دے دی گئی تھی۔ انتظامی حقیقتوں کے برعکس دی جانے والی یہ تاریخ عملی طور پر ناقابل عمل ثابت ہوئی کیونکہ اس وقت تک نہ اثاثوں کی منتقلی مکمل ہوئی تھی اور نہ ہی سٹاف اور انتظامی ڈھانچہ تیار تھا۔ نتیجتاً مقررہ تاریخ گزر جانے کے باوجود کسی ضلع میں بھی ایجنسیاں مکمل طور پر فعال نہیں ہو سکیں۔
لاہور(خبر نگار) لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کے ترجمان عمر چوہدری نے بتایا ہے کہ اندرونی سطح پر ایجنسیوں کے قیام اور ان کے طریقہ کار سے متعلق کام بڑی تیزی سے جاری ہے۔ امید ہے کہ رواں ماہ ہی اس حوالے سے کوئی خوشخبری سنا دی جائے۔
ستھرا پنجاب اتھارٹی کے زیر اثر 41 اضلاع میں ایجنسیاں قائم کرنے کا عمل بدستور سست

















