محکمہ ایکسائز میں دوہرا معیار، مافیا قابض، ملازمین پھٹ پڑے

لاہور (نمائندہ خصوصی) موٹر رجسٹریشن اتھارٹی میں کام کرنے والے ملازمین کی اکثریت تین سالہ ٹرانسفر پالیسی،فنانشل ڈسپلن اور دفتری اوقات کی پاسداری کے علاوہ ایجنٹ فری دفتری ماحول کی خواہاں۔ موٹر رجسٹریشن اتھارٹی کے دفتر کے سروے کے موقع پربیشتر ملازمین نے”مشرق“ سے اپنے نام ظاہر نہ کرنے کی درخواست کرتے ہوئے شکایات کے انبار لگا دئیے اور موٹر رجسٹریشن اتھارٹی کے دفاتر میں پائی جانے والی خامیوں کی نشاندہی کر دی۔ ملازمین نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف اور صوبائی حکومت کی پالیسیاں بہترین اور اداروں کو مضبوط بنانیوالی ہیں مگر یہ خواب اسی وقت شرمندہ تعبیر ہو سکتا ہے ، جب حکومتی قوانین اور پالیسیوں پر حقیقی معنوں میں عملدرآمد ہو۔جب مجاز افراد دفترمقررہ وقت پر نہیں آئیں گے تو ملازمین کو تو کوئی پوچھ ہی نہیں سکے گا۔ ملازمین نے بتایا کہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن بالخصوص موٹر رجسٹریشن اتھارٹی میں دوہرا معیار رائج ہے۔ سسٹم کا حصہ ملازمین ہر قسم کی جزا و سزا سے مبراّ ہیں، جو سسٹم کا حصہ نہیں، وہ ہم جیسے ہیں اور پس رہے ہیں۔نیک نیتی سے کام کرنے والے ، حکومتی اقدامات پر عمل پیرا ہونے والے ، وقت پر دفتر آنے اور اپنا کام نمٹا کر وقت پر گھر لوٹنے والے ملازمین پس رہے ہیں۔دوسری جانب وہ لوگ جو جونئیر ہونے کے باوجود اپنے پے سکیل میں رہتے ہوئے اپنے سینئر سکیلز پر تعینات ملازمین سسٹم چلا رہے ہیں۔ ملازمین نے قرار دیا کہ حکومت پنجاب کی جانب سے دفتری اوقات کی پاسداری، کے علاوہ تین سال سے زائد عرصہ ایک ہی آسامی پر کسی ملازم کو تعینات نہ رکھنے کی پالیسی موجود ہے مگر اس پر عملدرآمد نہیں ہو رہا۔ملازمین نے دعویٰ کیا کہ حکومتی پالیسیوں پر عملدرآمد نہ ہونے کے سبب موٹر رجسٹریشن برانچ میں ایجنٹ مافیا کا اثر وقت گذرنے کے ساتھ بڑھا ہے ، کم نہیں ہوا۔ نہ ہو تا دکھائی دیتا ہے۔یہی وجہ ہے کہ دفتر کے داخلی مقام کی دیوار کے ساتھ نصب سبز رنگ کا بورڈ جس پر لکھا ہے ” ٹاوٹ و ایجنٹ مافیا سے ہوشیار رہیں“ تحریر ہے، وہیں سے ایجنٹوں کی حکومت شروع ہو جاتی ہے۔ سسٹم بنانا، سسٹم چلانا، سسٹم کا حصہ ہونا اور وقت گذرنے کے ساتھ ساتھ سسٹم کیلئے ناگزیر ہو جانا مختلف پیمانے ہیں۔ جن پر عمل پیرا ہو کر ہی لوگ سالوں سے مستفید ہوتے چلے آ رہے ہیں۔دوسری جانب دوران سروے یہ بات سامنے آ ئی کہ حکومتی پالیسیوں پر عملدرآمد کرنے اور حق حلا ل کی روزی کمانے کے چکر میں مبتلا ملازمین کے برعکس وہ مٹھی بھر ملازمین جو اپنے مفاد کو زیادہ ترجیح دیتے ہیں، وہ وقت کی پاسداری بھی نہیں کرتے، مقررہ اوقات کی بجائے دیر سے دفتر آتے ہیں ، مگر وہ زیادہ پر سکون دکھائی دیتے ہیں۔فرید کوٹ ہاوس میں واقع عمارت کے اندر داخل ہوں تو آپ خود کو ایک بڑے ہال میں پاتے ہیں جسے سہولت مرکز کا نام دیا گیا ہے یہاں گاڑیوں کی اقسام کے حساب سے کاونٹر بنے ہوئے ہیں اور ان کے سامنے لوگوں کے بیٹھنے کیلئے کرسیاں لگی ہوئی ہیں۔ تاہم بیک وقت تمام کاﺅنٹرز فنکشنل نہیں ہوتے۔ ہال کے داخلی دروازے سے لے کر ہال کے اندر ایجنٹوں کا داخلہ بند ہونے کے دعووں کے باوجود ایجنٹوں کی آمدورفت کا سلسلہ ہمہ وقت جاری رہتا ہے۔

لاہور (نمائندہ خصوصی) صوبائی دارالحکومت میں موٹر رجسٹریشن کے مجموعی طور پر پانچ دفاتر قائم ہیں جن میں سے فرید کورٹ آفس کو مرکزی حیثیت حاصل ہے جبکہ علی کمپلیکس، شاہدرہ ، ڈی ایچ اے فیز فائیو اور اوور سیز پاکستانیز فاﺅنڈیشن ہاﺅسنگ سوسائٹی میں بھی موٹر رجسٹریشن برانچ کے دفاتر قائم ہیں۔ان تمام دفاتر کے علاوہ لاہور میں کام کرنے والے ایجنٹوں کے پنجاب کے دیگر شہروں کے علاوہ کراچی ، پشاور اور کوئٹہ کے دفاتر سے بھی رابطے ہیں، اور وہ بین الاضلاعی خدمات کے ساتھ ساتھ بین الصوبائی سطح پر بھی خدمات سرانجام دے رہے ہیں۔

لاہور (نمائندہ خصوصی) ڈائریکٹر ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن شاہد گیلانی نے کہا ہے کہ ایجنٹ مافیا کے خلاف اقدامات وقتا فوقتا کئے جاتے رہتے ہیں۔ جن معاملات کی نشاندہی کی گئی ہے ان کو مدنظر رکھتے ہوئے عوام کی سہولت کی غرض سے اقدامات یقینی بنائے جائیں گے۔” مشرق“ سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ دفتر میں لیزنگ والے زیادہ آتے ہیں کیونکہ 60 فیصد ریونیو انہی سے جنریٹ ہوتا ہے۔ان کی آڑ میں دفتر داخل ہونے والے ایجنٹوں کی بیخ کنی کیلئے کام ضرور کیا جائیگا۔ حکومتی اصلاحات کے ثمرات عوام تک پہنچنے چاہئے۔ وزیراعلیٰ پنجاب کے ویژن کی روشنی میں سسٹم آن لائن کرنے کا مقصد بھی یہی تھا۔