اظہار رائے کی آزادی ،’ ’ریڈ لائن“ عبور کرنے پر کارروائی ہوگی،وفاقی وزرا


اسلا م آباد: (بیورورپورٹ)وفاقی وزرا نے کہاہے خارجہ پالیسی پر بحث سے اجتناب کیا جائے،اظہار رائے کی آزادی ،’ ’ریڈ لائن“ عبور کرنے پر کارروائی ہوگی،حکومتی پالیسی بہت فیئر ،زیادتی تب ہوتی ہے جب ریڈ لائنز عبور ہوتی ہیں،شہری ریاست پر اعتمادکریں،پاکستان ایران،امریکہ تنازع میں بھرپور کردار ادا کر رہاہے۔

اعظم نذیر تارڑ عطا تارڑ اور وزیر مملکت داخلہ طلال چودھر ی نے مشترکہ پریس کانفرنس میں ایران جنگ پر تبصروں میں محتاط رویہ اپنانے کا مشورہ دیدیا ،وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے کہا خارجہ پالیسی پر بحث سے اجتناب کیا جائے،ریڈلائن کراس ہوگی تو قانون حرکت میں آئے گا،خطے میں کشیدگی کم کرنے کیلئے پاکستان نے سفارتی کوششیں کیں، وزیراعظم خطے کے ممالک کےساتھ رابطے میں ہیں،پاکستان کا اپنے دفاع اور خارجہ پالیسی پر واضح موقف ہے۔

وزیر قانون نے کہا آئین کے آرٹیکل 19 کے تحت ہر شہری کو اظہار رائے کی آزادی حاصل ہے تاہم آزادی پر قانون کے تحت کچھ پابندیاں بھی ہیں، اسلام، سلامتی اور قومی سکیورٹی جیسے معاملات پر احتیاط ضروری ہے

عطاتارڑ نے کہا ایران پر حملوں کے بعد تنازع دیگرممالک میں پھیلا، تنازع پرپوری دنیا پریشان ہے،جب سے تنازع شروع ہوا، کوشش کی سفارتی حل نکل سکے،ایران پر بلاجوازحملوں کی سب سے پہلے مذمت کی،سپریم لیڈر کی شہادت پر وزیراعظم ،وزارت خارجہ نے بیان جاری کیا،خلیجی دوست ممالک پرحملوں کو بھی اسی نظر سے دیکھا،پاکستان ذمہ دارجوہری ریاست ہے ، تبصرے کرتے ہوئے غیرضروری باتوں میں بھی الجھ رہے ہیں، خطے کے ممالک کےساتھ پاکستان کے قریبی اور دوستانہ تعلقات ہیں جبکہ خارجہ پالیسی سے متعلق سوشل میڈیا پر غیر ضروری تبصرے نقصان دہ ثابت ہو سکتے ہیں۔

وزیر اطلاعات نے کہا ویوز کے حصول کےلئے 2 ممالک کے تعلقات پر منفی وی لاگز بنانا اور سنسنی پھیلانا ملک کی خدمت نہیں ،ایسے رویے پاکستان کے عالمی مقام کو متاثر کر سکتے ہیں، میرا حلف اور آئین مجھے دفتر خارجہ کے موقف کے مطابق بات کرنے کا پابند بناتا ہے جبکہ ذاتی پسند، ناپسند یا سیاسی ایجنڈے کی بنیاد پر تبصرہ مناسب نہیں، دیگر ممالک میں ہماری میڈیا پر کی گئی بات کو ریاستی پالیسی سمجھا جاتا ہے، اس لیے سوشل میڈیا اور الیکٹرانک میڈیا پر تبصرے میں احتیاط ضروری ہے تاہم مقامی سیاست پر تنقید کی گنجائش موجود ہے۔