اسلام آباد (بیورو رپورٹ) اپوزیشن اتحاد، پی ٹی آئی رہنماوں نے حکومت سے بورڈ آف پیس سے فوری نکلنے، ایران جنگ میں فریق نہ بننے اور پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کو فوری طور پر واپس لینے کا مطالبہ کردیا، پی ٹی آئی رہنماوں سلمان اکرم راجہ، بابر اعوان، علامہ راجہ ناصر عباس نے مشترکہ پریس کانفرنس کی، سینٹ میں قائد حزب اختلاف سینیٹر علامہ راجہ ناصر عباس نے کہا ٹرمپ نے دنیا کے تمام قوانین کو پاوں تلے روند دیا، وینزویلا میں جو ہوا سب کے سامنے ہے، اس وقت گریٹر اسرائیل کے موضوع پر کام ہورہا ہے،سیکرٹری جنرل پی ٹی آئی سلمان اکرم راجہ نے کہاخلیجی ممالک میں غیر معمولی صورتحال کا سامنا ، خطے پر بربریت مسلط کر دی گئی ،عمان میں ہونے والی گفتگو نتیجے ہر پہنچنے والی تھی مگر صہیونی قوتوں نے سب تہس نہس کر دیا، وقت آ گیا ہے پاکستان اپنا کردار ادا کرے کیونکہ ہم ایک ایٹمی قوت ہیں، بدقسمتی سے پاکستان میں اداروں اور عوام کو ایک دوسرے کے سامنے کھڑا کیا جا رہا ہے، ملک میں جھوٹ کے ذریعے انتشار برپا کیا گیا اور عوام پر جعلی جھوٹی حکومت مسلط کر دی گئی،املاک کا نقصان نہ عرب ممالک میں ہونا چاہیے نہ دیگر ملکوں میں، اب سب کو اکٹھے بیٹھ کر مسائل کا حل نکالنا ہے، سب کو مذاکرات کی میز پر بیٹھنا ہو گا، ہوش کے ناخن لیے جائیں ماضی میں جو غلطی کی گئی وہ نہ دہرائی جائے، ایک دن قبل لوگوں کو غیر موجودگی میں سزائیں سنائی گئی، مجموعی طور پر سنائی جانے والی سزائیں 50 50 سال تک پہنچ گئیں،پی ٹی آئی رہنما نے کہا 55 روپےلٹر پٹرول میں اضافہ عندیہ ہے کہ ہمارے ساتھ آگے کیا ہونےوالا ہے،بابر اعوان نے کہا پاکستان بورڈ آف پیس میں شمولیت کو فوری معطل کر دے، انڈونیشیا نے بورڈ آف پیس میں شمولیت کا فیصلہ روک دیا ہے، نیتن یاہو عالمی سطح پر ڈکلیئر ڈ مجرم ہے۔
پاکستان ایران جنگ میں فریق نہ بنے، بورڈ آف پیس فوری چھوڑے: اپوزیشن اتحاد

















