لاہور (میاںذیشان/ عکاسی: شاہنواز) گرین لینڈ ہاﺅسنگ ہاﺅسنگ سکیم مالکان اور ترقیاتی ادارہ لاہور کے شعبہ میٹروپولیٹن افسران کی مبینہ باہم ملی بھگت، گزشتہ 5 دہائیوں قبل تعمیر کی گئی راجباہ، سرکاری نالے کھالے اور سابقہ آبادی کے قبرستان کے رقبہ پر قبضہ کر کے نجی سکول کی غیر قانونی عمارت تعمیر کر دی۔ دو کنال سے زائد رقبہ پر محیط لاہور گرائمر سکول کو نہ تو ترقیاتی ادارہ لاہور سے کمرشلائز کروایا گیا ہے اور نہ ہی میونسپل کارپوریشن لاہور سے نقشہ منظوری حاصل کی گئی ہے۔ کمرشلائزیشن فیس اور نقشہ فیس کی عدم ادائیگی کی مد میںحکومتی خزانے کو کروڑوں روپے کا نقصان پہنچایا گیا ہے۔ ترقیاتی ادارہ لاہور کے شعبہ میٹروپولیٹن پلاننگ زون 1 کے ڈپٹی ڈائریکٹر عمر مجید ہاﺅسنگ سوسائٹی کیخلاف کارروائی کرنے کی بجائے ، سوسائٹی انتظامیہ کو سہولت کاری فراہم کرنے لگ گئے۔ تفصیلات کے مطابق گرین لینڈ ہاﺅسنگ سکیم کے مالکان اور ترقیاتی ادارہ لاہور کے شعبہ میٹروپولیٹن پلاننگ زون ون کے بعض افسران کی مبینہ باہم ملی بھگت کی عوامی حلقوں میںبھی باز گشت سنائی دینے لگی۔ گزشتہ پانچ دہائیوں قبل تعمیر کی گئی راجباہ، سرکاری نالے کھالے اور سابقہ آبادی کے قبرستان کے رقبہ پر مبینہ قبضہ کر کے وہاں دو کنال سے زائد اراضی پر نجی تعلیمی ادارے کے نام سے عمارت تعمیر کر دی گئی، ذرائع کے مطابق مذکورہ عمارت کو نہ تو ترقیاتی ادارہ لاہور سے کمرشلائز کروایا گیا اور نہ ہی میونسپل کارپوریشن لاہور سے نقشہ منظوری حاصل کی گئی جس کے باعث کمرشلائزیشن فیس، نقشہ فیس اور دیگر واجبات کی عدم ادائیگی سے حکومتی خزانے کو کروڑوں روپے کا نقصان پہنچایا گیا۔ لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی پرائیویٹ ہاﺅسنگ سکیم رولز 2014 کے تحت کسی بھی منظور شدہ یا زیر تکمیل سکیم میں عوامی فلاحی مقامات، قبرستان، نالہ جات یا آبی گزرگاہوں کی اراضی کو تبدیل کرنا یا اس پر تعمیرات کرنا صریحاً خلاف ورزی ہے اور رولز کی متعلقہ دفعات بالخصوص رول 27 اور رول 30 کے تحت اتھارٹی کو اختیار حاصل ہے کہ وہ غیر قانونی تعمیرات مسمار کرنے، سکیم کی منظوری معطل یا منسوخ کرنے اور ذمہ داران پر جرمانہ عائد کرنے کی کارروائی عمل میں لائے، قوانین کے مطابق کمرشل سرگرمی کیلئے زمین کے استعمال کی تبدیلی اور باقاعدہ نقشہ منظوری لازم ہے جس کے بغیر تعمیرات کرنا قابل سزا جرم ہے، ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ شعبہ میٹروپولیٹن پلاننگ زون ون کے ڈپٹی ڈائریکٹر عمر مجید نے مبینہ طور پر سکیم انتظامیہ کے خلاف کارروائی کرنے کے بجائے سہولت کاری کی جس پر سوالات اٹھ رہے ہیں، ماہرین قانون کے مطابق اگر کسی سرکاری افسر کی جانب سے اختیارات کا ناجائز استعمال یا جان بوجھ کر قانونی تقاضے پورے نہ کیے جائیں تو پنجاب سول سرونٹس ایکٹ 1974 اور متعلقہ ڈسپلنری قواعد کے تحت محکمانہ کارروائی، معطلی، تنزلی، جبری ریٹائرمنٹ یا برطرفی جیسی سزائیں دی جا سکتی ہیں، جبکہ سکیم مالکان کے خلاف نہ صرف جرمانہ اور تعمیرات مسماری بلکہ فوجداری کارروائی بھی عمل میں لائی جا سکتی ہے، شہری حلقوں نے مطالبہ کیا ہے کہ معاملے کی شفاف تحقیقات کر کے سرکاری اراضی واگزار کروائی جائے اور قانون کی خلاف ورزی میں ملوث عناصر کو قرار واقعی سزا دی جائے تاکہ مستقبل میں سرکاری املاک پر قبضوں اور ادارہ جاتی ملی بھگت کا سدباب ممکن ہو سکے۔
لاہور (سپیشل رپورٹر) لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے شعبہ میٹروپولیٹن پلاننگ کے افسران کا کہنا ہے کہ گرین لینڈ ہاﺅسنگ سکیم پر تحریری رپورٹ مرتب کی جا رہی ہے۔ رواں ہفتے سوسائٹی میں ہونیوالی غیر قانونی سرگرمیوں پر سوسائٹی مالکان کو نوٹس جاری کر دئیے جائیں گے۔ قواعد و ضوابط کو مدنظر رکھتے ہوئے سوسائٹی انتظامیہ کے جواب کا انتظار کیا جائیگا اگر تین نوٹسوں کے بعد بھی کوئی جواب نہ دیا گیا تو مسماری کے حوالے سے پلاننگ مرتب کی جائیگی اور غیرقانونی سرگرمیوں، تعمیرات، انفراسٹرکچر، باﺅنڈری وال اور غیر قانونی توسیعی رقبہ پر کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
لاہور (سپیشل رپورٹر) اس حوالے سے گرین لینڈ ہاﺅسنگ سوسائٹی مالکان چوہدری منظور احمد اور اصغر علی سے واٹس پر رابطہ کیا گیا ہے کہ سرکاری نالوںکھالوں، قبرستان اور راجبارہ کی اراضی پر قبضہ کرکے نجی تعلیمی ادارے کو بغیر کمرشلائزیشن اور نقشہ منظوری تعمیر کر کے حکومتی خزانے کو کروڑوں روپے کا نقصان پہنچانے پر اپنا موقف واضح کرنے کیلئے کہا گیا ہے لیکن ان کی طرف سے کوئی وضاحت یا موقف پیش نہ کیا گیا ہے۔ گرین لینڈ ہاﺅسنگ سوسائٹی مالکان میں سے کوئی اپنا موقف پیش کرنا چاہیں تو ادارہ ہذا میں ان کے موقف کو من و عن شائع کیا جائیگا۔
گرین لینڈ ہاﺅسنگ سکیم، ایل ڈی اے کی ملی بھگت، راجباہ، سرکاری نالے، قبرستان پر قبضہ کرکے نجی سکول کی غیرقانونی تعمیر

















