عمران خان کو ہسپتال منتقل کرنے کی درخواست اعتراض کے ساتھ واپس
اسلام آباد: (بیورورپورٹ)بانی پی ٹی آئی عمران خان کو ہسپتال منتقل کرنے کی استدعا پر اعتراضات عائد ، سپریم کورٹ نے درخواست واپس کردی ،بانی پی ٹی آئی وکیل سردار لطیف کھوسہ اور نعیم پنجوتھہ چیف جسٹس سپریم کورٹ کی عدالت میں پیش ہوئے اور درخواست مقرر کرنے کی استدعا کی۔
چیف جسٹس یحییٰ آفریدی نے کہا آپ کی درخواست اعتراضات کےساتھ واپس کی جا چکی ، درخواستیں تاحکم ثانی زیر التوا رہیں گی،ایسی کوئی درخواست زیر التوا نہیں جس پر کارروائی کی جا سکے، لطیف کھوسہ نے کہا جلد سماعت کی درخواست دی ،عدالت نے بانی پی ٹی آئی کے علاج کا حکم دیا ،چیف جسٹس نے جواب دیا عدالت نے حکم جاری نہیں کیا بلکہ حکومت نے یقین دہانی کرائی تھی، آپ عدالت کا فیصلہ دوبارہ پڑھ لیں، صحت کا ایشو زیر التوا نہیں۔
لطیف کھوسہ نے موقف اپنایا سیاسی یا قانونی نہیں بلکہ انسانی بنیادوں پر ہسپتال منتقلی کی استدعا ہے، چیف جسٹس نے کہا انسانی بنیادوں پر ہی میڈیکل چیک اپ کرایا گیا تھا،دوران سماعت لطیف کھوسہ نے کہا میری بات سمجھنے کی کوشش کریں۔
جسٹس شاہد بلال حسن نے کہا آپ کو 1992 سے جانتا ہوں، آپ کیا بول رہے ہیں اور کس چینل سے بول رہے ہیں سب سمجھ رہا ہوں،چیف جسٹس نے ریمارکس دئیے کھوسہ صاحب آپ سینئر وکیل ہیں، سپریم کورٹ کا طریقہ کار جانتے ہوں گے، رجسٹرار سے ملاقات کریں اگر وہ اعتراضات کی کاپی نہ دیں تو عدالت آ سکتے ہیں، لطیف کھوسہ نے کہا آرڈر ہوا ہے تو ابھی تک کسی نے آگاہ کیوں نہیں کیا۔

















