پشاور،باڑہ:(بیورورپورٹ)وزیراعلیٰ کے پی سہیل آفریدی نے کہا ہے اقتدار مستقل نہیں ہوتا، آج تمہاری کل ہماری باری ، ہر ظلم کا حساب لیں گے۔
گورنمنٹ کالج آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی جمرود کی اپلائیڈ سائنسز کی جانب سے اپ گریڈیشن کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سہیل آفریدی نے کہا جمرود کو سوچے سمجھے منصوبے کے تحت ترقی میں پیچھے رکھا گیا، خیبر جمرود کو تعلیم کے میدان میں آئندہ ترقی یافتہ قوموں کی طرح ترقی ملے گی، عمران خان کے ویژن کے مطابق انسانوں پر انویسٹمنٹ کی جائے گی، 78 سال میں ب سے بندوق پڑھایا گیا اب اپنے نوجوانوں کو ق سے قلم سکھائیں گے، غیرت مند ہیں اور بہادر بھی لیکن بےوقوف نہیں،صوبے کے عوام نقصان پہنچانے والی ہر پالیسی سے بغاوت کریں گے۔
وزیراعلیٰ کے پی نے کہا نیشنل میڈیا پختونخوا کے عوام کو اپنا نہیں سمجھتا، 5 ہزار ارب ہڑپ کرنے والوں کا میڈیا ٹرائل نہیں ہوتا، میں نے وادی تیراہ متاثرین کےلئے 4 ارب ریلیز کیے تو 4 دن تک میرے خلاف مسلسل پروگرام کیے گئے،بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کےلئے تمام آئینی قدم اٹھائے لیکن اجازت نہیں دی جارہی، فیصلے اسلام آباد یا پنڈی نہیں ،عوام کے مفاد میں ہوں گے، صوبائی حکومت عمران خان کے ویژن ، پی ٹی آئی منشور کے مطابق فیصلے کر رہی ہے۔
سہیل آفریدی نے کہا عمران ،بشریٰ کو ناحق قید کیا گیا، بنیادی حقوق پامال ہو رہے ہیں، عمران خان کی صحت کے باوجود ذاتی ڈاکٹروں کو رسائی نہیں دی گئی، ایک صوبے کے وزیر اعلیٰ کو 12 سے زائد بار اڈیالہ جیل جاتے روکا گیا تمام راستے بند ہوں تو پرامن احتجاج ہی واحد آپشن رہ جاتا ہے مگر احتجاج آئین و قانون کے دائرے میں رہ کر کیا جائےگا،نوجوانوں کو اپنے حقوق کےلئے کھڑا ہونا ہوگا،ضم اضلاع کے تمام کالجز کےلئے مفت ٹرانسپورٹ سروس فراہم کریں گے۔
ادھر خیبر میں دہشتگردی سے متاثرہ بارہ و ملحقہ علاقوں میں تباہ شدہ تعلیمی اداروں کی بحالی کےلئے صوبائی حکومت نے تاریخی اقدام اٹھا لیا،وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا نے چین کی مالی و تکنیکی معاونت سے 50 سکولوں کی تعمیر نو ،ری ہیبلیٹیشن مکمل ہونے پر افتتاح کردیا،منصوبہ 3 ارب 21 کروڑ روپے کی لاگت سے کامیابی کے ساتھ مکمل کیا گیا ،بحال کیے گئے سکول فعال ، ہزاروں طلبہ جدید تعلیمی سہولیات سے مستفید ہوں گے۔
سہیل آفریدی نے کہا منصوبہ محض عمارتوں کی تعمیر نہیں بلکہ آنےوالی نسلوں میں سرمایہ کاری ہے، دہشتگردوں نے سکول گرائے ،صوبائی حکومت نے مستقبل تعمیر کیا، تعلیم کے ذریعے انتہاپسندی کا جواب دیا جائے گا۔
آج تمہاری کل ہماری باری ، ہر ظلم کا حساب لیں گے،سہیل آفریدی

















