وزیراعلیٰ کے پی صاحب !کیا شعور سے پیٹ بھر سکتاہے؟،مریم نواز

لاہور،راجن پور:(وقائع نگار،بیورورپورٹ) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہاہے جعلی حکومت لوگوں کا حق، ترقی،سکون ،امن وامان اور خوشی کھا جاتی ہے ،وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کسی یونیورسٹی میں گئے سوچا ہوگا بچے واہ واہ اور نعرے لگائیں گے لیکن ایسا نہ ہوا،کے پی میں پنجاب جیسے ہسپتال مانگتے ہیں تو کہتے ہیں شعور دیااب دوائیوں کی جگہ شعور کھائیں؟،لوگ حکمرانوں سے سوال نہیں کریں گے تو حکومتیں سوتی ،نکمے پن کا مظاہرہ کرتی رہیں گی، اچھی صحت، تعلیم، روزگار اور سواری آپ کا حق ہے، مانگنے پرنہیں خود جا کر دینا چاہیے۔


راجن پور میں الیکٹروبس کی افتتاحی تقریب سے خطاب میں مریم نواز نے ”اپنا کھیت، اپنا روزگار“ شروع ،غریب عوام کو اڑھائی لاکھ ایکڑ زرعی اراضی ،کاشتکاروں کو فصل اگانے کیلئے کسان کارڈ دینے،ہر تحصیل میں سینٹر آف ایکسی لینس بنانے کا اعلان کرتے ہوئے کہا”اپنا کھیت،ا پنا روزگار“ کے تحت بےروزگار ،غریب افراد کو 3 سے 5 ایکڑ اراضی الاٹ کی جائےگی،کاشتکار کسان کارڈ کے ذریعے کھاد، پیسٹی سائیڈ ، بیج حاصل کر سکیں گے،پنجاب کی تمام تحصیلوں میں ایک سال میں گرین بس چلانے کےلئے اقدامات کی ہدایت کردی۔

وزیراعلیٰ نے کہا نواز شریف نے راجن پور کے لوگوں کےلئے پیار بھر ا خصوصی سلام بھیجا ،راجن پور کے لوگ نواز شریف کے دل کے بہت قریب ، کہتے ہیں راجن پور پنجاب کا آخری ضلع ، میں کہتی ہوں پنجاب راجن پور سے شروع ہوتا ہے، بلوچ پگڑی، بلوچ چادر ، بلوچ ٹوپی کوسلام پیش کرتی ہوں،ہیلی کاپٹر کی بجائے فتح پور روڈ پر سفر کرنا پسند کیا، راستے میں خواتین ،بچوں نے جو عزت افزائی کی بھول نہیں سکتی، راجن پور اب جنوبی پنجاب کا پسماندہ ضلاع نہیں رہا، پسماندگی اب ختم ہونے جارہی ہے،لاہور کی طرح دنیا کی بہترین ،جدید ترین الےکٹرو بس چلارہے ہیں،راجن پور میں 12 ارب کی لاگت سے 72سڑکیں بنیں گی۔

مریم نواز نے کہا راجن پور کی طرح صوبے بھر میں 2600جدید ترین و مستقبل کے تقاضوں سے ہم آہنگ بس سٹینڈ بنارہے ہیں،مزدور ،بچوں ، طلبہ کو دھوپ ،بارش میں قیام کےلئے اچھی انتظار گاہ ملے گی،صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ بلال اکبر خان، سیکرٹری ٹرانسپورٹ عمران سکندر بلوچ اور پوری ٹیم کو شاباش دیتی ہوں، پنجاب میں 500گرین بسیں چل رہیں، 1100 آئیں گی ،رواں سال 1500مزید بسیں لارہے ہیں،عالمی معیار کی بہترین بس اب صرف لاہور نہیں ،راجن پور میں بھی چلتی ہے،جنوبی پنجاب کو کچھ نہ ملنے کے جھوٹے نعرے لگانے والوں کے دعوے گرین بس نے اپنے پہیے تلے روند دئیے، راجن پور کے ہر روٹ پر بس چلے گی اورگھر کے باہر سے پک کرکے منزل تک چھوڑ کر آئے گی۔

وزیراعلیٰ نے کہا22 کلو میٹر طویل فاضل پور ،راجن پور روٹ اور 18 کلومیٹر طویل کوٹ مٹھن ، راجن پور روٹ پر گرین بس چلائی جارہی ہے، گرین بس میں فری وائی فائی، چارجنگ پوٹ ،خواتین کےلئے الگ کمپارٹمنٹ مختص ،ہراسانی کے سدباب کےلئے سی سی ٹی وی کیمرے نصب،لمحہ بہ لمحہ مانیٹرنگ ،مسافروں کا تحفظ یقینی بنانے کیلئے ڈرائیور کی بھی ڈیجیٹل مانیٹرنگ کی جاتی ہے تاکہ ڈرائیور کو نیند نہ آجائے، کمانڈ اینڈ کنٹرول سنٹر سے ہر گرین بس کو لائیو مانیٹر کی جاتا ہے، راجن پور کے طلبہ، خواتین، بزرگ ، سپیشل افراد کےلئے گرین بس بالکل فری ، ہر بس میں و یل چیئر، بٹن سے کھلنے والا آٹو میٹک ریمپ موجود ہے،گرین الیکٹروبس گرمی ایئر کنڈیشن سے ٹھنڈی ،سردی میں گرم ہوگی، کرایہ صرف20 روپے ہے،راجن پور میں بہت جلد کوئی سڑک کچی نہیں رہے گی۔

مریم نواز نے کہا20 شہروں میں کیتھ لیب بنا رہے ہیں، راجن پور میں جلد مکمل ہوجائے گی، دل کا مسئلہ ہوتو راجن پور میں ہی علاج ہوگا، بڑوں شہروں کا رخ نہیں کرنا پڑےگا، اپنی چھت، اپنا گھر پراجیکٹ کے تحت رواں سال ایک لاکھ70ہزار گھر مکمل ہوجائیں گے، کس نے سوچا تھا فتح پور میں ستھرا پنجاب کا ورکر جگہ جگہ صفائی کرتا نظر آئے گا، صرف ورکر ہی نہیں بلکہ ستھرا پنجاب کی مشینری بھی ہر جگہ نظر آتی ہے، سی اینڈ ڈبلیو کے ورکر ہر انچ انچ پر کام کرتے نظر آتے ، ہمت کارڈ، کسان کارڈ، مینارٹی کارڈ اور راشن کارڈ سے عوام کی خدمت کررہے ،15 لاکھ مزدورں ،کارکنوں کو 3 ہزارروپے ماہانہ دے رہے ہیں۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا راشن کارڈ کو 30ملین تک بڑھانے چاہتے ہیں تاکہ غریب کا چولہابجھنے نہ پائے، خیبرپختونخوا کے سی ایم کسی یونیورسٹی میں گئے سوچا ہوگا بچے واہ واہ اور نعرے لگائیں گے لیکن ایسا نہ ہوا،طالبہ نے پوچھا جنہیں آپ جعلی حکومتیں کہتے ہیں وہاں ترقی ہورہی، کے پی 13 سال سے کیوں زوال کا شکار ہے، سی ایم نے بچی سے کہا لگتا آپ کا تعلق اپوزیشن سے ہے کیا یہ جواب ہوتا ہے؟ کام کرنا ہوتوکچھ مشکل نہیں،2سال میں پنجاب کی قسمت بدل دی،بچوں سے کہتی ہوں یاد رکھیں، جعلی حکومت وہ ہوتی جو لوگوں کا حق، ترقی،سکون اور امن وامان اور خوشی کھا جاتی ہے،کے پی میں لوگ سوال پوچھیں ،سستی روٹی مانگیں تو کہتے ہیں شعور دیا، شعور سے پیٹ بھر سکتا ہے؟، کے پی میں گرین بس پوچھتے ہیں، کہتے ہیںشعور دیا، شعور پر بیٹھ کر کالج ہسپتال ، روزگار کےلئے جاسکتے ہیں؟ کے پی میں پنجاب جیسے ہسپتال مانگیں تو کہتے ہیں شعور دیااب دوائیوں کی جگہ شعور کھائیں، خدارا! شعور کو اپنی سیاسی کمائی کا ذریعہ نہ بنائیں۔

مریم نواز نے کہا ورکر کے بچوں کےلئے شعور الگ ، حکمرانوں کے بچوں کےلئے شعور الگ ہوتا ہے؟، ورکر کا بچہ جعلی شعور کی وجہ سے جیل میں ہے اور اپنے بچے برطانیہ بیٹھے ہیں، کہیں گرم ہوا نہ لگ جائے، کہتے ہیں ایک وزیر اعلیٰ اڈیالہ جیل کے روڈ پر بیٹھا اور دوسری وزیر اعلیٰ جہاز میں اڑتی ہے، تم جہاز لیکر کہا جاو گے؟، برازیل میں دنیا کے سامنے ستھرا پنجاب کا ماڈل پیش کیا، کہتے ہیں جہاز لیکربرازیل چلی گئی، فوربز، بی بی سی سمیت دیگر انٹرنیشنل اداروں نے ستھرا پنجاب کی تعریف کی،تم دوسرے ملک میں کیا کرنے جاو گے، تمہارے پاس دنیا کو بتانے کےلئے کوئی کام نہیں،لاہور میں بسنت ہے تو پورا پنجاب خوشی منارہا ہے، عوام کے دل خوش تو خوشی منارہے ہیں، عوام کیوں نہ خوش ہوں خیال رکھا جاتا ،سی ایم پریشان ہوتی ہے،داتا صاحب میں ماں بیٹی کے جاں بحق ہونے کا سانحہ پیش آیا تو میں نے کہہ دیا جسے کام نہیں کرنا،گھر چلا جائے،بے حسی اور لاپرواہی برادشت نہیں، اچھی صحت، تعلیم، روزگار اور سواری آپ کا حق ہے، مانگنے پرنہیں خود جا کر دینا چاہیے،دعا گو ہو ں پنجاب کی ماوں، بہنوں اور بیٹیوں کی خدمت کروں، وسائل چوکھٹ پر ڈھیر کر دوں۔