میڈیا کا ذمہ دار انہ استعمال تنقیدی سوچ اور سماجی ہم آہنگی کیلئے ناگزیر ہے:مقررین

نارووال (مشرق نیوز) یونیورسٹی آف نارووال کے ڈیپارٹمنٹ آف ماس کمیونی کیشن اینڈ میڈیا نے گزشتہ روز ڈائریکٹوریٹ آف سٹوڈنٹس افیئرز اور پیغام پاکستان کے اشتراک سے ڈیجیٹل میڈیا کے ذمہ دارانہ استعمال اور پیمرا کی ذمہ داریوں کے موضوع پر مہمان لیکچر اور خصوصی انٹرایکٹو سیشن کا انعقاد کیا۔ تقریب کا آغاز ڈاکٹر حسیب سرور سربراہ ڈیپارٹمنٹ آف ماس کمیونی کیشن اینڈ میڈیا کے استقبالیہ خطاب سے ہوا جنہوں نے ڈیجیٹل دور میں اخلاقی ابلاغ اور ذمہ دارانہ میڈیا کے کردار پر روشنی ڈالی۔ وائس چانسلر یونیورسٹی آف نارووال پروفیسر ڈاکٹر ضیاءالحق تمغہ امتیاز نے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے نوجوانوں کیلئے پیغام پاکستان اور سائبان پاکستان کے بیانئے کی اہمیت کو اجاگر کیا اور کہا کہ میڈیا کا ذمہ دار انہ استعمال تنقیدی سوچ اور سماجی ہم آہنگی کے فروغ کیلئے ناگزیر ہے۔ انہوں نے یونیورسٹی آف نارووال کے تعلیمی اور اخلاقی وژن پر بھی تفصیلی گفتگو کی۔ تقریب سے معروف سماجی رہنما سعید الحق ملک نے بھی خطاب کیا اور سماجی ذمہ داری اور میڈیا آگاہی کے حوالے سے اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ کلیدی لیکچر ڈائریکٹر جنرل پیمرا پنجاب عائشہ منظور وٹو نے دیا جنہوں نے میڈیا ریگولیشن ڈیجیٹل اخلاقیات اور موجودہ دور میں پیمرا کے کردار اور ذمہ داریوں پر تفصیلی بریفنگ دی۔ تقریب کی نظامت کیمپس کوآرڈینیٹر عدیل عابد نے انجام دی جبکہ اختتام پر وائس چانسلر یونیورسٹی آف نارووال کی جانب سے مہمان خصوصی کو یادگاری سوونیئر پیش کیا گیا۔ نیشنل پریس کلب رجسٹرڈ نارووال کے تعاون سے منعقد ہونے والا یہ سیمینار صحافیوں اور طلبہ کیلئے ایک موثر اور بامقصد آگاہی سیشن ثابت ہوا۔