فتنہ فساد پی ٹی آئی کاوطیر ہ،عوام بسنت پرحفاظتی اقدامات یقینی بنائیں،مریم نواز

لاہور: (وقائع نگار)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے بسنت کی خوشیاں منانے کےلئے شاندار ردعمل دینے پر عوام کا شکریہ اداکرتے ہوئے کہا تہوار پرحفاظتی اقدامات یقینی بنائیں،توقع سے زیادہ رسپانس آیا، بسنت کے پائلٹ پراجیکٹ کی کامیابی کے بعد دیگر شہروں میں جائزہ لیا جائے گا، بلوچستان کے بہن بھائیوں کے ساتھ کھڑے ہیں، دعا ہے بلوچستان ،کے پی میں امن و سکون ہو، بسنت پنجاب کا تہوار ہے، خوشی سے منانا چاہیے، پنجاب کے کلچر کو اپنائیں، سنبھالیں اور فخر محسوس کریں۔

صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا خوشی منائیں مگر اپنی سلامتی کا خیال کریں، آس پاس کے لوگوں کا تحفظ بھی ملحوظ خاطر رکھیں،تفکرات کو ذہن سے نکالیں، پریشانیاں بھول کر بھرپور خوشی منائیں، ہر روٹ پر ٹرانسپورٹ مفت ہوگی، بائیک کی بجائے پبلک ٹرانسپورٹ استعمال کریں،بسنت کے تہوار پر عوام کو60ہزار سے زائد رائیڈز مہیا کریں گے،419بسیں، میٹروبس،اورنج لائن ٹرین ،6 ہزار یانگو رکشے پر سفر بالکل مفت ہوگا،لاہور میں 7 لاکھ سے زائد بائیکس پر سیفٹی راڈ لگ چکے ،چرخی، دھاتی تار، تندی اور بلٹ پروف میٹریل وغیرہ منع ہے، ممنوعہ اشیا کے استعمال پر قانون حرکت میں آئے گا،ضرورت کے تحت باہر سے بھی پتنگیں اور ڈور منگوانے کی اجازت دےدی۔

وزیراعلیٰ نے کہا سول ایوی ایشن ایریاز میں پتنگ بازی کی اجازت نہیں دی جائیگی، مفت سیفٹی راڈ مہیا کرنے کے لئے کیمپ قائم ہیں،سیفٹی راڈ لگواکر بائیک سوار نقصان اور جرمانے سے بچ سکتے ہیں، سیفٹی راڈ کی پابندی کا اطلاق موٹر سائیکل ، لوڈر رکشے پر بھی ہوگا،رجسٹرڈ مینو فیکچرز، سیلر، ٹریڈرز ،ایسوسی ایشن ہی کیو آر کوڈ سے مزین پتنگیں ، ڈور وغیرہ مہیا کر سکیں گے،حفاظتی اقدامات یقینی بنانے کےلئے 90ہزار شورٹی بانڈ لیے گئے،ہر ایریا میں تھرمل ڈرون سرویلنس ہورہی ہے، رات کو بھی نگرانی کریں گے۔

مریم نواز نے کہا ہر چھت کو چاروں طرف سے نائیلون کی رسی سے محفوظ بنایا جائے، پتنگیں لوٹنے والے بچوں کا خیال رکھیں،لاہور کی ہرتحصیل میں اسسٹنٹ کمشنر کی سربراہی میں 15رکنی کوئیک رسپانس ٹیم تشکیل دے دی، ایمرجنسی کی صورت میں 51 ایمبولینس، 30 فائر بریگیڈ اور300 موٹرسائیکل ایمبولینس موجود ہوں گی، منسٹری آف واٹر اینڈ پاور سے اپیل کرتی ہوں لٹکتے تاروں کے گچھے ہٹانے کا انتظام کریں،بھاٹی گیٹ، موچی گیٹ، فورٹ روڈ، شیرانوالہ گریڈ سٹیشن پر حفاظتی اقدمات مکمل کر لیے گئے۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا سزا نہیں دینا چاہتے لیکن عوام کے تحفظ کےلئے قانون کا نفاذ ضروری ہے، رئیل ٹائم مانیٹرنگ کی جائےگی،رولز کی خلاف ورزی پر 5سے 7سال قید، 50 لاکھ روپے تک جرمانہ ،لبرٹی راونڈ اباوٹ پر سب سے بڑی پتنگ ،لیزر لائٹس شو ہوگا، محفوظ پتنگ بازی کا موقع دیا ہے تو ذمہ دار شہری کے طور پر اپنے فرائض سرانجام دیں

مریم نواز نے کہا رات گئے لوگ گدھا گاڑیوں پر گٹروں کے ڈھکن چوری کرنے آتے ہیں،قانون سازی کررہے ہیں، گٹر کے ڈھکن چوری کرنے والے، بیچنے اور خریدنے والے کو ایک سے 10سال قید ، جرمانہ ہوگا، گٹر کا ڈھکن نہ ہونے سے کوئی ڈیتھ ہوئی تو ذمہ دار کو 10سال قید ،30لاکھ جرمانہ ہوگا، پانی کے ہر گندے جوہڑ پر چار دیواری بنانا آسان نہیں، والدین کو بچوں کا خیال رکھنا پڑے گا، عوام کو بہتر تبدیلی مل رہی ہے اب جھوٹے بیانیے نہیں ،پرفارمنس کےساتھ ہیں۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے بنیان مرصوص میں لوگوں نے فتح کا جشن منایا، دلوں میں ملک کےلئے محبت ہے، بسنت میں اربوں کی معاشی سرگرمیاں بڑھیں، کائٹ مینوفیکچرنگ، ہوٹل، ریسٹو رنٹ بک ہوچکے،فتنہ فساد پی ٹی آئی کاوطیر ہ ہے،لوگ اب جلاو گھیراو کی کال پر کان نہیں دھرتے، جیل کے باہر ضرور بیٹھیں مگر کے پی کے کے کروڑوں لوگوں کا بھی خیال کریں، لبرٹی چوک کبھی بد تہذیبی کا مرکز تھا اب کلچرل سنٹر ہے،ملک میں خوف و ہراس سے فائدہ صرف دشمن ملک ہی اٹھاتا ہے، لوگ روزگار ،پریشانیوں میں الجھے ہیں،خوشی کا بھی وقت ملنا چاہیے۔

دریں اثنا محکمہ تعلقات عامہ پنجاب نے پہلی ڈی ایس این جی اینڈ او بی وین لانچ کر دی، وزیراعلیٰ مریم نواز نے ڈی ایس این جی اینڈ اوبی وین پراجیکٹ کا باقاعدہ افتتاح اور معائنہ کیا،سٹاف سے ملاقات کی،عظمیٰ بخاری نے ڈی ایس این جی اینڈ او بی وین پراجیکٹ پر تفصیلی بریفنگ دیتے ہوئے کہاڈی ایس این جی اینڈ او بی وین پنجاب بھر میں ہائی کوالٹی لائیو نیوز کوریج ،آوٹ ڈور براڈ کاسٹنگ کے لئے استعمال ہوگی، ڈی ایس این جی اینڈ او بی وین میں پہلی مرتبہ ایڈوانس آرٹی فیشل انٹیلی جنس آڈیو ویڈیو ٹرانسمیشن سسٹم انسٹال کیا گیا ، جدید ترین ڈی ایس این جی اینڈ او بی وین کے ذریعے بلارکاوٹ، سیٹلائٹ اپ لنک اور براڈ کاسٹنگ ممکن ہوگی۔