لاہور(نوید چودھری) بھاٹی چوک پر پیش آنے والا دل دہلا دینے والا واقعہ محض ایک حادثہ نہیں بلکہ برسوں سے جاری سرکاری غفلت، انتظامی چشم پوشی اور مبینہ مفادات کی ایک مکمل کہانی ہے۔ اگرچہ واقعے کے بعد مختلف محکموں کے افسران اور متعلقہ ٹھیکیدار کے خلاف کارروائیاں شروع کر دی گئی ہیں تاہم سانحہ کا ایک نہایت اہم پہلو اب تک پس منظر میں رکھا جا رہا ہے۔ جائے وقوعہ کے قریب قائم وہ ناجائز پارکنگ سٹینڈ جو مبینہ طور پر میٹروپولیٹن آفیسر ریگولیشن (ایم او آر) کی سرپرستی میں چل رہا تھا۔ ذرائع کے مطابق سانحہ کے فوری بعد اس غیر قانونی پارکنگ سٹینڈ کو خاموشی سے ختم کر دیا گیا، مگر حقیقت یہ ہے کہ اس مقام پر قائم ناجائز پارکنگ کسی بڑے حادثے کی پیش خیمہ بن چکی تھی۔ مقامی حلقوں کا کہنا ہے کہ تنگ راستوں، بے ہنگم پارکنگ اور مسلسل رش نے اس علاقے کو ایک خطرناک پوائنٹ میں تبدیل کر دیا تھا جہاں کسی بھی وقت کوئی افسوسناک واقعہ رونما ہو سکتا تھا۔ مزید انکشاف ہوا ہے کہ پرندہ مارکیٹ ختم کئے جانے کے بعد اسی جگہ پر یہ ناجائز پارکنگ سٹینڈ قائم کیا گیا۔ ذرائع کا دعویٰ ہے کہ اس پارکنگ سے حاصل ہونے والی آمدن بلواسطہ طور پر ایم او آر تک پہنچتی رہی۔ داتا دربار پر حاضری کیلئے آنے والے شہریوں کی بڑی تعداد کے تناظر میں یہاں پارکنگ کی ضرورت اپنی جگہ موجود تھی، تاہم اس ضرورت کو قانونی دائرے میں لانے کے بجائے لاہور پارکنگ کمپنی کے ذریعے باقاعدہ سٹینڈ قائم کرنے سے گریز کیا گیا۔ ذرائع کے مطابق قانونی پارکنگ کے قیام میں موجود پیچیدگیوں کو دور کرنے کے بجائے آسان راستہ اختیار کیا گیا اور سٹینڈ کو غیر قانونی طور پر چلایا جاتا رہا۔ اس دوران متعدد بار ممکنہ سانحہ کے خدشات کا اظہار بھی کیا گیا، مگر متعلقہ حکام نے آنکھیں بند رکھیں۔ اب جب ایک جان لیوا واقعہ پیش آ چکا ہے تو محض ٹھیکیدار یا فیلڈ افسران کو ذمہ دار ٹھہرا دینا مکمل سچ نہیں ہوگا۔ اس سانحہ کو اگر وسیع تر تناظر میں دیکھا جائے تو میٹروپولیٹن آفیسر ریگولیشن کی ذمہ داری بھی واضح طور پر سامنے آتی ہے۔ ناجائز پارکنگ سٹینڈ کی سرپرستی، اس سے حاصل ہونے والی مبینہ آمدن اور قانونی تقاضوں سے مسلسل انحراف ایسے حقائق ہیں جنہیں نظر انداز کرنا انصاف کے تقاضوں کے منافی ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ واقعہ کی تحقیقات محض سطحی کارروائی تک محدود نہ رکھی جائے بلکہ ناجائز پارکنگ کے قیام سے لے کر اس کی سرپرستی تک تمام پہلوو¿ں کا غیر جانبدارانہ جائزہ لیا جائے، تاکہ ذمہ دار عناصر کو بے نقاب کر کے مستقبل میں ایسے سانحات کا راستہ روکا جا سکے۔
بھاٹی چوک سانحہ غفلت، مفادات کی کہانی،پارکنگ سٹینڈ پر پراسرار خاموشی

















