درختوں کی غیر قانونی کٹائی ،ذمہ داروں کیخلاف کارروائی محض دکھاوا

لاہور(قمر عباس نقوی/ تصاویر: واحد شہزاد ) لاہور ہائیکورٹ کے واضح احکامات کے باوجو د شہر کے متعدد مقامات پر درختوں کی غیر قانونی کٹائی جاری ہے جبکہ انتظامیہ کی طرف سے اسکے خلاف امتیازی کارروائی اختیار کی جارہی ہے۔ دوسری طرف لاہور ہائیکورٹ نے غیر قانونی درختوں کی کٹائی پر ڈی جی پنجاب کو رپورٹ سمیت طلب ہونے کا حکم جاری کردیا۔ تفصیلات کے مطابق لاہور میں درختوں کی کٹائی پر ہائیکورٹ کی جانب سے مکمل طور پر پابندی عائد ہے جس کی بنیاد پر پی ایچ اے لاہور کی جانب سے بھی زونز آفیسرز کو درختوں کی کٹائی کی روک تھام پر تحریری طور پر نوٹیفکیشن جاری کیا گیا تھا جو کہ لاہور کینال کے کنارے نجی ہسپتال کے قریب متعدد درختوں کی کٹائی کے بعد کیا گیا تھا جس میں متعلقہ ڈائریکٹر کو دیگر ملازمین کیساتھ معطل کیا گیا جبکہ اس کے علاوہ زون تھری کے ڈائریکٹر اور سپروائزر کی جانب سے زون کے مختلف مقامات پر درختوں کی کٹائی کی گئی جس پر ایجنسی کی جانب سے ڈائریکٹر زون تھری اور سپروائزر کی جانب سے غیر قانونی اقدام پر کارروائی کرنے کی بجائے مالیوں کو معمولی سزا دیتے ہوئے ایڈمن رپورٹ کرنے کے احکامات تک ہی محدود رکھا گیا ہے جبکہ ذمہ دار ڈائریکٹر اور سپروائزر تاحال عہدوں پر تعینات ہیں۔ ڈائریکٹر زون 3 کے آفس سے چند قدموں کے فاصلے پر درختوں کو کاٹ کر رکشہ میں لوڈ کرکے فروخت کئے جانے کا انکشاف ہوا تھا۔ اسکے ساتھ ساتھ فیصل ٹاون سی بلاک گرین بیلٹ سے غیر قانونی طور پر درخت کاٹ دئیے گئے۔ زون 4 کے زیر انتظام فیصل ٹاون 237 سی بلاک کی گرین بیلٹ پر لگے 4 ہرے بھرے درختوں کو کاٹ دیا گیا ہے جو کہ متعلقہ زون ہارٹیکلچر سپروائزر کی موجودگی میں غیر قانونی اقدام کیا گیا جبکہ گزشتہ رات میو ہسپتال انتظامیہ کی جانب سے درخت کی کٹائی کی گئی ہے جس میں متعدد سر سبز درختوں کو کاٹا گیا جو کہ پی ایچ اے لاہور انتظامیہ کی نا اہلی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ اسی طرح لاہور میں ماہ جنوری کے دوران درختوں کی غیر قانونی کٹائی کے متعدد واقعات سامنے آئے ہیں۔ اس حوالے سے عدالتی حکم کی خلاف ورزی اور اس پر عملدرآمد پر ڈی جی پنجاب ہارٹیکلچر کو مکمل رپورٹ پیش کرنے کے احکامات ہیں جس میں ان کی جانب سے درختوں کی کٹائی کی روک تھام اور خلاف ورزی کرنے پر ذمہ دران کے خلاف کیا کارروائی کی گئی ہے۔ پی ایچ اے پنجاب حکام کا کہنا ہے کہ عدالتی احکامات پر من و عن عمل درآمد کیا گیا ہے اور اس حوالے سے پی ایچ اے لاہور کی جانب سے تحریری احکامات بھی جاری کئے گئے تھے باقی جن مقامات پر غیر قانونی اقدام ہوا ہے انکے ذمہ داران کو عہدے سے ہٹایا گیا ہے ۔