ن لیگ،پی پی،ایم کیو ایم کی بیان بازی،18ویں ترمیم کامستقبل سوالیہ نشان؟

اسلام آباد،کراچی:(بیورورپورٹ)18ویں ترمیم کامستقبل سوالیہ نشان؟،ایم کیو ایم نے ترمیم ختم ،وفاقی حکومت نے نظر ثانی کی تجویز دےدی،کیا اقدام سے گل پلازہ جیسے واقعات نہیں ہوں گے؟ پیپلز پارٹی نے سوال اٹھا دیا۔

ایم کیو ایم رہنما ووفاقی وزیر مصطفی کمال نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا بس بہت ہوگیا،نسل کشی ہورہی ہے،وفاق 18ویں ترمیم ختم،آرٹیکل 148کے تحت کراچی کو وفاق کا حصہ قرار دے،نسل کشی جمہوری دہشتگردی ہے،،شہر کن لوگوں کے حوالے کر دیا ،کتنے اور لوگ جل کر مریں، کتنے مزید بچے گٹر میں گرکرمریں، داد رسی کب ہوگی ، لوگوں کو کیا تسلی دیں؟شہر ایسا نہیں تھا، 18 سال حکومت کرنےوالی پیپلز پارٹی سے سوال پوچھو توجواب آتا ہے بلدیہ فیکٹری کی آگ ،بھتہ خوری کا جواب دو، کیا یہ جواز ہے؟ 18 سال سے حکمرانی آپ ایسے سانحات کا انتظار کرتے ہیں، وفاق ،ریاست کے اداروں سے کہتاہوں شہر اور کتنی قربانی دے، وزیراعظم چاہتے ہوئے بھی شہر کیلئے کچھ نہیں کرسکتے کیونکہ پیپلزپارٹی ناراض ہوجاتی ہے۔

مصطفی کمال نے کہا انسانوں کی تسلیاں کوئی اہمیت نہیں رکھتیں، ایم کیوایم بڑی جماعتوں میں سے ایک ہے،اپنی ذمہ داری اچھی طرح سمجھتے ہیں،شہر کےلئے بات کرو تو فیشن بن گیا کہیں بلدیہ فیکٹری کا جواب دو، آپ 18 سال سے ہیں، پھانسی پر کیوں نہیں لٹکاتے ، سزا کیوں نہیں دیتے، مشرقی پاکستان میں ادھر ہم اور ادھر تم کا نعرہ ایم کیوایم نے لگایا تھا؟ 27 دسمبر کو بینظیر کی شہادت پر دکانوں، گاڑیوں ،فیکٹریوں کو ایم کیوایم نے جلایا؟ مرتضیٰ بھٹو کو بھی ایم کیو ایم نے مروایا؟ بےنظیر کے قاتلوں کو بھی ایم کیو ایم نے کھلا چھوڑا ؟۔

وفاقی وزیر نے کہا ایم کیو ایم نے ریاست کیساتھ تعاون کرکے ”را“ کا اسلحہ جمع کرکے ریاست کو دیا،ریاست 30 سالوں تک ”را“ کے تسلط کو ختم کرنے میں ناکام رہی،ریاست سے 2باتیں کہتاہوں اب بہت ہوچکا یہ نہیں سدھریں گے، کراچی اب ایسی ایڈمنسٹریشن کے حوالے رہنے کا مزید متحمل نہیں ہوسکتا،آرٹیکل 148 اور 149 کے تحت دارالخلافہ کا حصہ بنایا جائے،18 ویں ترمیم ملک کیلئے ناسور بن گئی ،فوری ختم کیا جائے،پاکستان کو چلانے والے کراچی کو ملک کا معاشی حب قرار دیں۔

سندھ کے سینئر وزیر شرجیل میمن نے کہا لوگوں کو بھتے کے چکر میں جلانے والے کراچی کو وفاق کے حوالے کرنے کی باتیں کر رہے ہیں،کیا 18ویں ترمیم ختم اور کراچی کو وفاق کے حوالے کرنے سے گل پلازہ جیسے واقعات رونما نہیں ہوں گے؟ ، جواب آپ کی باتوں سے دوں گا، بلدیہ فیکٹری کو بھتے کے چکر میں آگ لگائی ، 12 مئی کو انسانوں کا شکار کیا گیا اور معصوم جانیں لیں، آپ کے منہ سے ایسی باتیں اچھی نہیں لگتی۔

شرجیل میمن نے کہا جے آئی ٹی رپورٹ کے مطابق عاشورہ کے بعد بولٹن مارکیٹ میں لگاکر آپ نے کاروبار چھینا، گل پلازہ کے لواحقین اپنے پیاروں کی تلاش میں اور آپ کیا بات کر رہے ہیں،سیاسی بیان بازی میں جانا نہیں چاہتے، لواحقین کےساتھ کھڑے ہیں،خود کوکراچی کادعویدار کہنے والا کیا ابھی تک جائے وقوعہ پر پہنچے، کسی سے رابطہ کیا؟ ایم کیو ایم کی اصلیت سب کے سامنے ہے، سکور کی طرح گن گن کر لوگ مارتے تھے۔

سینئر صوبائی وزیر نے کہا سانحہ گل پلازہ کو افسوسناک و دردناک سمجھتے ہیں، قیمتی جانیں ضائع ہوئیں،ہر آنکھ اشکبار ہے،کسی انسانی جان کی کوئی قیمت نہیں ہوسکتی، حکومت متاثرین کو اکیلا نہیں چھوڑے گی، ہر لواحقین کی فیملی کو ایک ایک کروڑ روپے دیئے جائیں گے۔

پیپلزپارٹی سندھ کے جنرل سیکرٹری سینیٹر وقار مہدی نے کہا مصطفی کمال متحدہ کی چیئرمین شپ نہ ملنے پر حواس کھو بیٹھے ،آئے روز بدلتے بیانات کو اب متحدہ کے کارکن بھی سنجیدہ نہیں لیتے،متحدہ قومی موومنٹ پچھلے 30 سال سے ہر حکومت کا حصہ مگر کبھی عوام کےلئے کچھ نہیں کیا،متحدہ کی سیاست صرف نفرت پھیلا کر زندہ ہوتی مگر کراچی کے عوام نے مسترد کردیا۔

وقار مہدی نے کہا کراچی شہر کے انفراسٹرکچر کی بربادی میں سب سے زیادہ کردار متحدہ اور بالخصوص مصطفی کمال کا ہے،بدقسمتی سے متحدہ ہمیشہ سے لاشوں کی سیاست کرتی آرہی ، ایم کیو ایم کا وطیرہ ہی جھوٹ بولنا،عوام کو گمراہ کرنا ہے،سانحہ گل پلازہ پر حکومت سندھ اور کے ایم سی کے ادارے آگ لگنے کے 15 منٹ بعد سے موجود ہیں،پیپلزپارٹی کراچی کی نمائندہ جماعت اور دکھ ،غم کی گھڑی میں عوام کےساتھ کھڑی ہے۔

ادھر مشیر وزیراعظم رانا ثنا نے کہا 18ویں ترمیم اتفاق رائے سے ہوئی ،بہتری ہوسکتی ،راستہ آئین میں کھلا ہے، گل پلازہ میں آگ لگنے کے واقعہ کی تحقیقات ہونی چاہئیں،پلازے کی منزلوں کی منظوری کس نے دی ،کب بنی، پورا احتساب ہونا چاہیے، پی ٹی آئی کا 8 فروری کو احتجاج فیل ہوگا، عمران خان ہر ملاقات کو ریاست ،اداروں کےخلاف استعمال کرتے رہے ہیں، اسلام آباد ہائیکورٹ نے ملاقات کا طریقہ کار طے کردیا۔

رانا ثنا نے کہا محمود اچکزئی ،علامہ راجہ ناصر عباس جمہوریت پر یقین رکھنے والے لوگ ہیں، میرا نہیں خیال مذاکرات فوری طور پر شروع ہوں گے،ضلعی حکومتوں کو بااختیار بنانا چاہیے کیونکہ ضلعی حکومت کو بااختیار بنانا آئینی تقاضا ہے جب تک ضلعی حکومت کو بااختیار نہیں بنایا جائےگا لوگوں کے مسائل حل نہیں ہوں گے۔

مشیر وزیر اعظم نے کہا خواجہ آصف نے ذاتی رائے دی اور اسمبلی میں کسی کو بات سے روکنا مناسب نہیں، آپ جواب دیں لہٰذا ذاتی رائے کو ذاتی ہی رہنا چاہیے، ہر رکن کو اظہار رائے کا اختیار ہے اور ویسے بھی خواجہ آصف نے کب کہا پارٹی پالیسی دی،18ویں ترمیم پر بات ہونی چاہیے۔