لاہور (قاضی ندیم اقبال) محکمانہ اصلاحات اپنی جگہ، اوقاف حکام نے لاہور سمیت ملک بھر کے وقف مزارات پر آنے والے زائرین کی صحت اور انکے سرمائے کا تحفظ کرنے کی ٹھان لی۔ زائرین کو مہنگے داموں ناقص لنگر /دیگیںفراہم کرنے والوں کے خلاف کارروائی کا فیصلہ کر لیا۔ سیکرٹری اوقاف پنجاب ڈاکٹر احسان بھٹہ کی ہدایت پر اسسٹنٹ کمشنر سٹی لاہور اور ڈائریکٹر جنرل پنجاب فوڈ اتھارٹی کو احاطہ داتا دربار کے باہر غیر معیاری لنگر/دیگوں کی فروخت اور زائرین کا مالی استحصال رکوانے کیلئے مراسلے جاری کر دئیے جبکہ اس بابت صوبائی حکومت کو بھی آگاہ کر دیا گیا۔ذرائع کے مطابق ایڈمنسٹریٹر داتا دربار شیخ جمیل احمد کی جانب سے اے سٹی لاہور کوبھجوائے گئے مراسلہ میں قرار دیا گیا ہے کہ دربار حضرت داتا گنج بخش ؒ کے اطراف بالخصوص چار دیواری کے باہر دیگوں (لنگر/نذرانہ ) کی فروخت کرنے والی دوکانوں کی تعداد میں روز بروز اضافہ ہو رہا ہے۔مذکورہ دکانوں پر سادہ لوح زائرین کو پکی پکائی دیگیں کم معیار، کم مقدار اور غیر شفاف طریقہ سے زائد نرخوں پر فروخت کی جا رہی ہیں۔ اس غیر ذمہ دارانہ استحصالی طرز عمل کے باعث نہ صرف زائرین کو مالی نقصان اٹھانا پڑتا ہے بلکہ وہ دربار شریف سے واپسی پر انتظامیہ داتا دربار و ضلعی حکومت کے بارے میں منفی تاثر لیکر جاتے ہیں۔دربار شریف کی چار دیواری سے باہر واقع یہ علاقہ انتظامی اعتبار سے ضلعی انتظامیہ کے دائرہ اختیار میں آتا ہے۔ جس کے باعث بطور ایڈمنسٹریٹر اس امر میں براہ راست مداخلت نہیں کر سکتا تاہم چونکہ یہ معاملہ زائرین کے تحفظ ، عوامی مفاد اور انتظامی ساکھ سے متعلق ہے ، اس لئے آپ کی توجہ اس جانب مبذول کروانا نہایت ضروری سمجھا گیا ہے لہٰذا استدعا ہے کہ اس ضمن میں متعلقہ محکموں(میونسپل کارپوریشن، فوڈ اتھارٹی ، پولیس ) کے ذریعے فوری اور موثر کارروائی عمل میں لائی جائے ، تاکہ غیر قانونی و غیر معیاری دیگوں(لنگر) کی فروخت کا سد باب ہو اور زائرین کے مالی استحصال کا روکا جا سکے ، نیز زائرین کو پیشہ ور ٹھگوں اور جعلساز عناصر سے بچایا جا سکے۔ ایڈمنسٹریٹر داتا دربار شیخ جمیل احمد کی جانب سے ڈائریکٹر جنرل فوڈ اتھارٹی کو تحریرکئے گئے مراسلہ میں قرار دیا گیا ہے کہ دربار شریف کی حدود کے باہر متعدد مقامات پر لنگر کی دیگیں، غیر معیاری ، غیر صحت بخش اور ناقص صفائی کے ماحول میں تیار کی جا رہی ہیں۔ جس سے نہ صرف زائرین کی صحت کو سنگین خطرات لاحق ہیں بلکہ فوڈ سیفٹی قوانین کی بھی کھلی خلاف ورزی ہو رہی ہے۔زائرین جو دیگیں خرید کر لوگوں میں تقسین کرتے ہیں، انہیں خوراک کے معیار ، اجزاءکی صحت ، وزن و مقدار اور تیاری کے طریقہ کار کے بارے میں کوئی آگاہی نہیں ہوتی۔ غیر معیاری اور غیر محفوظ خوراک کے استعمال سے فوڈ پوائزننگ اور دیگر امراض کا خدشہ بڑھ جاتا ہے جو کہ ایک عوامی صحت کا سنجیدہ مسئلہ ہے لہٰذا استدعا ہے کہ پنجاب فوڈ اتھارٹی کی جانب سے متعلقہ علاقوں میں فوری معائنہ ، سیمپلنگ اور قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے۔تاکہ غیر معیاری، غیر محفوظ لنگر/دیگوںکی تیاری کا سد باب کیا جا سکے اور فوڈ سیفٹی قوانین کی خلاف ورزی کرنے والے عناصر کے خلاف فوری قانونی کارروائی عمل میں لائی جا سکے۔ زائرین کو غیر معیاری خوراک کے ممکنہ صحت کے خطرات سے بھی محفوظ رکھا جا سکے۔ذرائع کے مطابق مذکورہ دونوں مراسلوں کی کاپی ڈائریکٹر ایڈمنسٹریشن اوقاف اور پی ایس برائے سیکرٹری اوقاف کو بھی ارسال کی گئی ہیں۔ ذرائع کے مطابق ایڈمنسٹریٹر داتا دربار شیخ جمیل احمد کی جانب سے اے سٹی لاہور اور ڈائریکٹر جنرل پنجاب فوڈ اتھارٹی کو بھجوائے گئے مراسلوں کی بات صوبائی حکومت کوبھی آگاہ کر دیا گیا ہے۔
محکمہ اوقاف مزارات پر زائرین کی صحت اور سرمائے کے تحفظ کیلئے سرگرم عمل

















